اسلام آباد: پی ٹی آئی انٹرا پارٹی انتخابات کے خلاف الیکشن کمیشن نے چیئرمین پی ٹی آئی سمیت 9 عہدیداروں کو نوٹسز جاری کردئیے-
باغی ٹی وی: الیکشن کمیشن نے تحریک انصاف کے انٹرا پارٹی انتخابات پر سوالات اٹھا دیے اور پی ٹی آئی کے چیف الیکشن کمشنر کو ذاتی حیثیت میں طلب کرلیا الیکشن کمیشن میں پی ٹی آئی انٹرا پارٹی انتخابات کے خلاف سماعت کل ہوگی، الیکشن کمیشن کا 5 رکنی بینچ کیس کی سماعت کرے گا، الیکشن کمیشن نے پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین بیرسٹر گوہر خان، پی ٹی آئی کے چیف الیکشن کمشنر نیاز اللہ نیازی، پارٹی جنرل سیکرٹری عمرایوب سمیت 9عہدیداروں کو نوٹسز جاری کردئیے۔نیاز اللہ نیازی کو 18 دسمبر دن 10 بجے الیکشن کمیشن کے سامنے پیش ہونے کی ہدایت کی گئی ہے۔
نوٹس میں کہا گیا ہے کہ تحریک انصاف کے انٹرا پارٹی انتخابات پارٹی آئین رولز 2020ء اور الیکشن ایکٹ 2017ء سے بظاہرمطابقت نہیں رکھتے،الیکشن رولز 2017ء کے تحت انٹرا پارٹی انتخابات کے انعقاد میں تمام قانونی تقاضے پورے ہونے کے بعد ہی کمیشن سرٹیفیکیٹ جاری کرتا ہے۔
الیکشن کمیشن میں پی ٹی آئی انٹرا پارٹی انتخابات کےخلاف اکبرایس بابرسمیت 13 درخواستیں دائر ہوچکی ہیں، جن میں تحریک انصاف کے انٹرا پارٹی انتخابات کوکالعدم قرار دئیے جانے کی استدعا کی گئی ہے۔
دوسری جانب ہم عوام پاکستان پارٹی نے انتخابی نشان بلے کے حصول کے لیے الیکشن کمیشن میں درخواست جمع کروا رکھی ہے، درخو است چئیرمین "ہم عوام پاکستان پارٹی محمد امجد چوہدری کی طرف سے دائر کی گئی ،درخواست کے متن میں کہا گیا ہے کہ تحریک انصاف انٹرا پارٹی الیکشن کے انعقاد میں ناکام رہی ہے،بلے کا انتخابی نشان خالی ہے، کسی پارٹی کو دیا گیا نہ ہی کسی پارٹی نے مانگا ہے-
درخواست کے متن میں کہا گیا ہے کہ تمام رجسٹرڈ جماعتوں کو انتخابی نشان الاٹ ہو چکے، ہماری جماعت کو ابھی تک کوئی انتخابی نشان الاٹ نہیں ہوا، درخواست میں استدعا کی گئی کہ بلے کا انتخابی نشان "ہم عوام پاکستان پارٹی” کو الاٹ کیا جائے-








