اسلام آباد: محکمہ موسمیات نے پنجاب اور بلوچستان کے مختلف اضلاع میں بارش کی پیشگوئی کردی ہے۔

باغی ٹی وی: محکمہ موسمیات کے مطابق مغربی ہواؤں کا سسٹم بیشتر علاقوں میں اثرانداز ہو گا جس سے کئی شہروں میں بارش کا امکان ہے، مغربی ہواؤں کا سسٹم بلوچستان سمیت مختلف علاقوں میں بارش اور پہاڑوں پر برف باری کا باعث بن سکتا ہے۔

موسمیاتی تجزیہ کار کا کہنا ہے کہ سسٹم کے تحت بلوچستان کے پہاڑوں پر رواں موسم سرما کی پہلی برف باری کا امکان ہے جبکہ سسٹم کے باعث 16 سے 18 دسمبر کے دوران پنجاب اور خیبر پختونخوا میں بارش اور پہاڑوں پر برفباری ہو سکتی ہے۔

دوسری جانب محکمہ موسمیات کے مطابق جمعہ کے روز ملک کے بیشتر بالائی اور مغربی علاقوں میں مطلع ابرآلود رہنے کے علاوہ بعض مقامات پر با رش اور پہاڑوں پر برفباری کا امکان ہے جبکہ میدانی علاقے دھند /سموگ کی لپیٹ میں رہیں گے اس دوران بالائی خیبر پختونخوا، گلگت بلتستان اور بلوچستان کے شمال مغربی اضلاع میں مطلع ابرآلود رہنے کے علاوہ گرج چمک کے ساتھ بارش اور پہاڑوں پر برفباری کاامکان ہے اس کے علاوہ پنجاب، خیبر پختونخوا کے میدانی علاقوں اور بالائی سندھ میں صبح اور رات کے اوقات میں دھند /سموگ چھائے رہنے جبکہ پنجاب کے بعض میدانی علاقوں میں شدید دھند کا امکان ہے۔

گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک کےبیشتر علاقوں میں موسم سرد اور خشک جبکہ شمالی علاقوں میں شدید سرد رہا اس دوران ملک میں کم سے کم درجہ حرارت لہہ منفی 11،سکردو منفی 07،کالام منفی 06، گلگت، سرینگر منفی 05، گوپس منفی 04، قلات، راوالاکوٹ، دیر اور استور میں منفی 03 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا –

Shares: