ڈی جی خان: نادرا سے بلاک شدہ قومی شناختی کارڈز، 31 دسمبر تک فیصلہ کرنے کے احکامات جاری

ڈیرہ غازیخان، باغی ٹی وی ( نیوز رپورٹر شاہد خان )حکومت پنجاب کی ہدایت پر نادرا کی طرف سے بلاک کئے گئے قومی شناختی کارڈز کے 31 دسمبر تک فیصلہ کرنے کے احکامات جاری کردئیے گئے ہیں مہم کے دوران ڈی جی خان ڈویژن کے مشکوک 996 قومی شناختی کارڈ بلاک کیے گئے اور ضلعی سطح پر قائم کمیٹیوں نے سماعت کے بعد 174 قومی شناختی کارڈ کلیئرکردئیے ہیں۔

یہ بات کمشنر ڈیرہ غازی خان ڈویژن ڈاکٹر ناصر محمود بشیر کی زیر صدارت ویڈیو لنک اجلاس میں بتائی گئی۔اجلاس میں آر پی او کیپٹن ریٹائرڈ سجاد حسن خان، ڈپٹی کمشنر مہر شاہد زمان لک،ایڈیشنل کمشنر کوآرڈینیشن کریم بخش،ایس پی بختیار احمد،ڈپٹی ڈائریکٹر نادرا سلمان آفاق،ڈی بی اے شہزاد قدیر اور دیگر محکموں کے افسران موجود تھے۔

کمشنر ڈاکٹر ناصر محمود بشیر نے کہا کہ تمام ڈپٹی کمشنرز ڈی ایل سی کے اجلاس منعقد کرکے بلاک سی این آئی سی کا فیصلہ کریں۔کمشنر نے کہا کہ حکومت کی ہدایت پر تمام علاقوں میں پھر سے سرچ آپریشن اور سروے کیا جائے اور متعلقہ دستاویزات نہ رکھنے والے افغانیوں سمیت تمام غیر ملکیوں کو واپس بھیجا جائے۔

غیر ملکیوں کی شناخت کیلئے ای۔پولیس سیفرون اور دیگر جدید آلات استعمال کیے جائیں۔اجلاس میں دیگر معاملات کا جائزہ لیتے ہوئے ہدایات جاری کی گئیں۔

Leave a reply