ٹھٹھہ،باغی ٹی وی (بلاول سموں) ڈپٹی کمشنر و ڈسٹرکٹ رٹرننگ افسر ٹھٹھہ اسد علی خان کی زیر صدارت عام انتخابات 2024 کے انعقاد کی تیاریوں کا جائزہ لینے کے متعلق دربار ہال مکلی میں ایک اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں ڈسٹرکٹ الیکشن کمشنر محمد عمران آرائیں، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ون محمد علی خواجہ، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ٹو کاشف قریشی سمیت ضلع کے تمام اسسٹنٹ کمشنرز، محمکہ پولیس، ایجوکیشن ورکس، پبلک ہیلتھ، تعلیم، صحت، حیسکو، سوشل ویلفیئر، ٹاؤن افسران اور دیگر تمام محکموں کے ضلعی افسران نے شرکت کی۔

اجلاس میں ریٹرننگ افسران کے دفاتر میں سکیورٹی کے انتظامات، ڈسٹرکٹ رٹرننگ آفیسر اور رٹرننگ افسران کو لاجسٹک سپورٹ کی فراہمی، نادہندگان کی فہرست رٹرننگ افسران کو فراہم کرنے، پولنگ اسٹاف کی تربیت کے دوران حاضری کو یقینی بنانے، حساس اور انتہائی حساس پولنگ اسٹیشنوں کی فہرست کی فراہمی، انتخابی عمل کے اختتام تک ڈسٹرکٹ رٹرننگ آفیسر، رٹرننگ افسران اور ڈسٹرکٹ الیکشن کمشنر آفس میں بجلی کی لوڈ شیڈنگ سے استثنیٰ، محکمہ صحت کی طرف سے ایمرجنسی ہیلتھ پلان کی فراہمی، پولنگ اسٹیشنوں پر بنیادی سہولیات کی عدم دستیابی کی پیش رفت کے حوالے سے اہم بات چیت ہوئی۔

اس موقع پر ڈپٹی کمشنر و ڈسٹرکٹ رٹرنگ افسر اسد علی خان نے تمام محکموں کے افسران کو سختی سے ہدایت کی کہ وہ الیکشن کے انعقاد کیلئے اپنے اپنے اسٹاف کو منعقدہ ٹریننگ کے دوران موجودگی کیلئے پابند بنائیں جوکہ ان کی ذمہ داری ہے، بصورت دیگر ان کے خلاف کاررائی عمل میں لائی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ تمام پولنگ اسٹیشنوں میں مطلوبہ سہولیات کی موجودگی کو 10 جنوری سے قبل یقینی بنایا جائے تاکہ پولنگ اسٹیشنز کی فائنل لسٹ اعلی حکام کو ارسال کی جا سکے، اس ضمن میں کسی بھی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔

انہوں نے محکمہ پولیس کے افسران کو ہدایت کی کہ وہ 24 دسمبر کے بعد رٹرننگ افسران کے دفاتر کی سیکیورٹی کو یقینی بنائیں اس کے علاوہ تمام پولنگ اسٹیشنز کی فول پروف سیکیورٹی کو یقینی بنانے کیلئے ایک مؤثر پلان تشکیل دیں تاکہ عام انتخابات کو پرامن طریقے سے پایہ تکمیل تک پہنچایا جا سکے۔ ڈپٹی کمشنر و ڈسٹرکٹ رٹرننگ افسر نے ریجنل ٹرانسپورٹ اتھارٹی کے افسران کو ہدایت کی کہ وہ پولنگ اسٹاف اور مٹیریل کو پولنگ اسٹیشنز تک پہنچانے اور الیکشن کے بعد واپس لانے کیلئے ویگنوں، کوسٹروں اور گاڑیوں کی فراہمی کو یقینی بنائیں، انہوں نے کہا کہ اس ضمن میں گاڑیوں کے مالکان کو کرایہ ادا کیا جائے گا۔ انہوں نے محکمہ حیسکو، سوئی گیس، پی ٹی سی ایل اور بینک انتظامیہ کو ہدایت کی کہ وہ یوٹیلٹیز کی مد میں نادہندگان کی فہرست فوری طور پر فراہم کریں تاکہ نامینیشن فارمز کی اسکروٹنی کے دوران چیک کیا جا سکے۔

انہوں نے کہا ضلعی انتظامیہ کی جانب سے الیکشن کے انعقاد کیلئے تمام سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ الیکشن کا صاف، شفاف اور پرامن انعقاد ہم سب کا قومی فریضہ اور انتخابات کو پایہ تکمیل تک پہنچانے کیلئے الیکشن کمیشن کو مدد فراہم کرنا تمام محکموں کی آئینی و قانونی ذمہ داری بھی ہے۔

قبل ازیں ڈسٹرکٹ الیکشن کمشنر عمران احمد آرائیں نے کہا کہ الیکشن کمیشن پاکستان کی جانب سے الیکشن کا شیڈول جاری کر دیا گیا ہے جس کے تحت 8 فروری 2024 کو الیکشن ہونے جا رہے ہیں، انہوں نے بتایا کہ اس ضمن میں تعلقہ میرپور ساکرو اور کیٹی بندر کے 1086 مرد اور 385 خواتین پرزائڈنگ اور اسسٹنٹ پرزائڈنگ افسران کو گورنمنٹ گرلز ہائی اسکول میرپور ساکرو جبکہ تعلقہ ٹھٹھہ اور گھوڑاباری کے 2717 مرد اور 962 خواتین پرزائڈنگ اور اسسٹنٹ پرزائڈنگ افسران کو گورنمنٹ گرلز ہائی اسکول مکلی میں قائم ٹریننگ سینٹرز میں تربیت دی جائے گی تاکہ پولنگ کے عمل کو بہتر طریقے سے سرانجام دیا جا سکے۔

Shares: