پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی کور کمیٹی کا اجلاس ہوا جس میں عام انتخابات کے لیے ٹکٹوں کی تقسیم کے معاملات پر تفصیلی غور کیا گیا۔ پی ٹی آئی کور کمیٹی کے مطابق 8 فروری کے عام انتخابات کے حوالے سے تمام تر تیاریاں مکمل ہو چکی ہیں۔ انتخابی عمل میں بدترین مداخلت کے باوجود کاغذات نامزدگی جمع کروانے اور منظوری کی کوششیں قابلِ تحسین ہیں۔پارٹی اعلامیہ کے مطابق ‎قومی و صوبائی اسمبلی کے حتمی ٹکٹ ہولڈرز کی فہرستوں کی تیاریاں مکمل کر لی گئی ہیں۔ کور کمیٹی نے ‎سینیٹ سے انتخابات کے التوا کی غیر آئینی، غیرقانونی اور غیر جمہوری قرار داد کی منظوری کی مذمت کی۔ کور کمیٹی نے کہا کہ سینیٹ میں انتخابات کے التوا کی غیر آئینی و غیر قانونی قرارداد کی منظوری مسترد کرتے ہیں۔ پی ٹی آئی کور کمیٹی کے مطابق ‎ملک انتخابات کے التوا جیسی غیر آئینی کوششوں کے نتیجے میں عدم استحکام کا متحمل نہیں ہو سکتا۔ ‎عام انتخابات کا التواء ملک کو سماجی و معاشی بحران کی دلدل میں دھکیل دے گا۔ کور کمیٹی نے کہا کہ ‎تمام ریاستی ادارے 8 فروری کو عام انتخابات کے انعقاد کو یقینی بنانے کے لیے موثر اقدامات کریں۔

Shares: