بنگلہ دیش میں 2024 کے انتخابات کے دوران، دارالحکومت ڈھاکہ سمیت دیگر مقامات پر 14 پولنگ سٹیشن کو آگ لگائی گئی ،جس سے انتخابی عمل بارے خدشات بڑھ گئے ہیں، ووٹنگ کا عمل شروع ہونے سے صرف ایک دن قبل بنگلہ دیش میں ہنگامے پھوٹ پڑے،جس سے کشیدگی اور غیر یقینی کی فضا پیدا ہوئی،”بی بی سی”
مقامی میڈیا کی خبروں سے ظاہر ہوتا ہے کہ جنوب مشرقی شہر چٹاگانگ میں بدھ مت کے ایک مندر کو جان بوجھ کر نذر آتش کیا گیا ،الیکشن کمیشن کی رپورٹ میں حکمران جماعت عوامی لیگ سے وابستہ ایک مقامی پارٹی کے دفتر پر حملے کو نمایاں کیا گیا ہے۔ ان واقعات کے ردعمل میں، بنگلہ دیش نیشنلسٹ پارٹی (بی این پی) نے ووٹرز پر زور دیا کہ وہ انتخابات کا بائیکاٹ کریں۔ عوامی لیگ نے فوری طور پر بی این پی پر انتخابات میں خلل ڈالنے کی کوشش کرنے کا الزام لگایا.
بنگلہ دیش میں انتخابات کی وجہ سے تمام نظریں شیخ حسینہ پر ہیں جو پانچویں بار وزارت عظمیٰ کا عہدہ سنبھالنےکے لئے تیار ہیں،بنگلہ دیش کی وزیر اعظم شیخ حسینہ نے بنگلہ دیش کے لیے بھارت کی حمایت کو تسلیم کیا اور اظہار تشکر کیا، خاص طور پر 1971 میں "لبریشن وار” کے دوران بھارت کی مدد کا حوالہ دیا۔تاہم انتخابی عمل کے منصفانہ ہونے کے حوالے سے خدشات پیدا ہوتے ہیں۔ بی این پی کو اپنے ارکان کی گرفتاری کی وجہ سے اہم چیلنجز کا سامنا ہے، اور عوامی لیگ نے حکمت عملی کے ساتھ بعض حلقوں میں امیدوار کھڑے نہ کئے، بظاہر ایک ایسا اقدام جس کا مقصد ایک جماعتی پارلیمنٹ کی تشکیل سے بچنا تھا۔ حزب اختلاف کی جماعتوں کے کمزور ہونے کی وجہ سے شیخ حسینہ کے پاس فتح کا راستہ صاف دکھائی دے رہا ہے۔
بنگلہ دیش کے انتخابات میں موجودہ صورتحال کو دیکھتے ہوئے اہم سوال سامنے آتا ہے کہ کیا ایسے انتخابات کو منصفانہ قرار دیاجا سکتا ہے جن میں برابری کا میدان نہ ہو؟ یہ تسلیم کرنا بہت ضروری ہے کہ وزیر اعظم شیخ حسینہ کی قیادت میں حکومت کو بڑے پیمانے پر انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں اور اپوزیشن کے خلاف سخت کریک ڈاؤن کے الزامات کا سامنا ہے۔ جیسے جیسے قوم انتخابات کے قریب آتی ہے، انتخابی عمل کی سالمیت کے حوالہ سے خدشات برقرار رہتے ہیں، جو آنے والے انتخابات کی حقیقی جمہوری نوعیت کے بارے میں سوالات اٹھاتے ہیں۔