اسلام آباد: ملک کے میدانی علاقوں میں شدید دھند کے باعث مزید 18 پروازیں منسوخ کر دی گئیں جبکہ کئی مقامات سے موٹرویز کو ٹریفک کیلئے بند کردیا گیا۔
باغی ٹی وی : شدید دھند کے باعث مختلف ہوائی اڈوں پر آنے والی 11 ملکی و غیر ملکی پروازوں کو لاہور، کراچی، اسلام آباد میں لینڈنگ کروائی گئی، سال نو کے پہلے 10 دن کے دوران 330 پرواز منسوخ کی جا چکی ہیں۔
دوسری جانب موٹرویز پولیس کے مطابق شدید دھند کے باعث حد نگاہ متاثر ہونے پر مختلف مقامات پر موٹرویز پر بھی ٹریفک کی روانی روک دی گئی ہے شدید دھند کے باعث حد نگاہ کم ہوجانے کی وجہ سے موٹرویز ایم ون کو برہان انٹرچینج سے صوابی تک بند کیا گیا ہے موٹرویز ایم 3 کو فیض پور سے درخانہ اور جڑانوالہ تک جبکہ موٹرویز ایم 4 کو ملتان سے فیصل آباد تک، فیصل آباد سے عبدالحکیم اور شور کوٹ تک ٹریفک کیلئے بند کردیا گیا ہے موٹرویز ایم 5 کو بھی ملتان سے روہڑی تک شدید دھند کے باعث ٹریفک کیلئے بند کردیا گیا ہے۔
دوسری جانب ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم سرد اور خشک رہنے کا امکان ہے،محکمہ موسمیات نے میدانی علاقوں میں دھند چھائے رہنے کی پیشگوئی ہے بلوچستان کے بیشتر اضلاع میں موسم سرد اور خشک رہنے کا امکان ہے، قلات میں کم سے کم درجہ حرارت منفی 4 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈکیا گیا سبی میں کم سے کم درجہ حرارت 8 ڈگری سینٹی گریڈ،نوکنڈی میں کم سے کم درجہ حرارت 6 ڈگری سینٹی گریڈ،تربت میں کم سے کم درجہ حرارت 12 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔
ڈائریکٹر جنرل محکمہ موسمیات مہر صاحبزادہ خان نے جنوری کے آخری ہفتے میں بارشوں کی نوید سنا دی ہے ان کا کہنا تھا کہ اچھی بارشوں کی امید ہے، جنوری کے آخری ہفتے میں اور فروری میں بھی بارشیں ہوں گی، الیکشن میں بھی بارشوں اور برفباری کا امکان ہے رواں سال کا جنوری بھی دیکھاجائےتو پہلے جیسا نہیں، سال 2023 پوری دنیا میں گرم ترین سال تھا، دسمبر 22سال سے خشک گزر رہا ہے، سردی جلدی ختم نہیں ہوگی مزید آگے جائے گی۔