اوچ شریف باغی ٹی وی (نامہ نگار حبیب خان)اوچ شریف ٹریفک انچارج نے اندرون شہر بھاری گاڑیوں کے داخلے پر پابندی کے احکامات ہوا میں اڑا دیئے، ٹریفک اہلکاروں نے ڈیوٹی پوائنٹ چھوڑ کر قومی شاہراہ پر ناکے لگا لئے، الشمس چوک پر ٹریفک جام معمول بن گیا، حادثات میں اضافہ، شہریوں نے ڈی پی او بہاول پور سے فوری نوٹس لیتے غفلت کے مرتکب اہلکاروں کے خلاف کاروائی کا مطالبہ کر دیا،

تفصیل کے مطابق اوچ شریف شہر میں ٹریفک کے نظام کو کنٹرول کرنے کیلئے تعینات ٹریفک اہلکار اپنے ڈیوٹی پوائنٹ الشمس چوک اور غوث الاعظم چوک چھوڑ کر قومی شاہراہ پر ناکے لگا لیتے ہیں اوچ شریف شہر میں دن کے اوقات بھاری ٹریفک کا داخلہ ممنوع ہے مگر ٹریفک اہلکاروں کی ملی بھگت سے شہر میں سارا دن ہیوی ٹریفک جن میں لوڈر ٹرک، مزدا، لکڑی کے لدے بڑے ٹرالر گنے کی ٹرالیاں وغیرہ داخل ہوتے رہتے ہیں جن کی وجہ سے ایک طرف تو ٹریفک کی روانی متاثر ہوتی ہے

دوسری طرف حادثات معمول بنتے جارہے ہیں شہریوں نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ٹریفک انچارج کی چشم پوشی کے باعث سڑک کنارے ناجائز اڈوں پر چنگ چی اور لوڈر رکشوں نے قبضہ جما رکھا ہے جس سے شہریوں کی مشکلات اور بڑھ گئی ہیں

اوچ شریف شہر کے سماجی حلقوں نے ڈی پی او بہاول سے مطالبہ کیا ہے کہ ٹریفک اہلکاران کو شہر میں تعینات کر کے شہر میں بھاری گاڑیوں کے کا داخلہ بند کرانے کے احکامات پر عملدرآمد ممکن بنایاجائے،

Shares: