اڈیالہ جیل میں قید عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید احمد بیمار ہو گئے
شیخ رشید کی طبیعت ناساز ہونے پر انکے وکیل کی جانب سے جیل منتقلی کی درخواست دائر کر دی گئی ہے،درخواست انسداد دہشت گردی عدالت میں دائر کی گئی ہے،شیخ رشید کی جانب سے عدالت میں دائر درخواست میں مؤقف اپنایا گیا کہ شیخ رشید کو کسی بھی سرکاری اسپتال میں منتقل کیا جائے شیخ رشید کی طبیعت ناساز ہے اور کسی کو ملاقات کی بھی اجازت نہیں، عدالت شیخ رشید کی طبیعت ناسازی پر طبی معائنے کا حکم دے اور اس کی رپورٹ بھی طلب کی جائے، درخواست اے ٹی سی کے جج اعجاز آصف کی عدالت میں دائر کی گئی .
دوسری جانب شیخ رشید احمد کی 9 مئی کے مقدمات میں درخواست ضمانت کے معاملے پرشیخ رشید کی جانب سے سردار شہباز ایڈووکیٹ عدالت میں پیش ہوئے،انسداد دہشتگردی عدالت کے جج ملک اعجاز آصف نے سماعت 27 جنوری تک ملتوی کر دی
علاوہ ازیں شیخ رشید کیخلاف 9 مئی کیس، سپرنٹنڈنٹ اڈیالہ جیل کو توہینِ عدالت کا نوٹس جاری کر دیا گیا،راولپنڈی کی انسدادِ دہشت گردی کی عدالت نے عوامی مسلم لیگ کے سربراہ، سابق وزیرِ داخلہ شیخ رشید کے خلاف 9 مئی کے کیس کی سماعت کرتے ہوئے سپرنٹنڈنٹ اڈیالہ جیل کو توہینِ عدالت کا نوٹس جاری کر دیا،عدالتی نوٹس میں پوچھا گیا ہے کہ عدالتی حکم کےباوجود ملزم کی رشتہ داروں سے ملاقات کیوں نہیں کرائی؟ شیخ رشید احمد کی بیماری پر کسی بھی سرکاری اسپتال سے میڈیکل چیک اَپ بھی کرانے کا حکم دیا گیاہے
واضح رہے کہ نو مئی کے مقدمات میں سے ایک کی ضمانت خارج ہونے پر شیخ رشید کو کمرہ عدالت سے گرفتار کیا گیا تھا، شیخ رشید کو گرفتاری کے بعد اگلے دن عدالت پیش کیا گیا تو عدالت نے جسمانی ریمانڈ کی استدعا مسترد کرتے ہوئے انہیں جیل بھجوا دیا.