حیدر آباد میں این اے 219 اور 220 پر سنی تحریک کا ایم کیو ایم کی حمایت کا اعلان

0
91

ا یم کیو ایم کے سینئر ڈپٹی کنوینر مصطفیٰ کمال نے کہا کہ پی ٹی آئی کے چار سال میں کوئی کام نہیں ہوا۔ آج کراچی بدترین شہروں میں چوتھے نمبر پر ہے۔ پیپلز پارٹی اور جماعت اسلامی کے ناظمین انتخابی مہم چلا رہے ہیں۔ایم کیو ایم پاکستان کے رہنما مصطفیٰ کمال کی قیادت میں وفد نے سنی تحریک کے رہنما ثروت اعجاز قادری سے کراچی میں ملاقات کی۔ ثروت اعجاز قادری سے ملاقات کے بعد مصطفیٰ کمال نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ایک دوسرے کیخلاف الیکشن لڑنے والے ایک جگہ بات کرسکتے ہیں۔ دیکھ رہے ہیں کہاں ایک دوسرے کے ساتھ ایڈجسٹمنٹ کر سکتے ہیں۔ مصطفیٰ کمال نے مزید کہا کہ کشمور سے لیکر کراچی تک کے حالات سب کے سامنے ہیں، اگر پیپلزپارٹی کی کارکردگی اچھی ہوتی تو ہم جیسی جماعتوں کو بند ہو جانا چاہئے تھا، ایک جگہ ایسی نہیں جہاں کھڑے ہوں اور مسائل نہ ہوں، دنیا چاند پر جا رہی ہے اور یہاں ہر تیسرے دن خبر آرہی ہوتی ہے کہ بچے گٹر میں گر کر مر رہے ہیں۔
مصطفیٰ کمال نے کہا کہ ہم کبھی بھی پیپلزپارٹی کے دروازے پر نہیں گئے ہمیشہ پیپلزپارٹی ہمارے پاس آتی ہے، ہم نے آئینی ترامیم سے متعلق تجاویز کو اپنے منشور کا حصہ بنایا، اگر بلاول بھٹو جیت گئے تو وہ پاکستان کو سندھ بنا دیں گے، الیکشن کمیشن صرف نوٹس جاری نہ کرے ایکشن بھی لے۔سینئر ڈپٹی کنوینر ایم کیو ایم نے کہا کہ سنی تحریک نے حیدر آباد میں حلقہ این اے 219 اور220 میں ایم کیو ایم کے امیدواروں کی حمایت کا اعلان کر دیا، 11 دنوں کے بعد انشاء اللہ ہمیں مینڈیٹ ملے گا، مخالفین ہماری ساری خامیوں کو بھول کر ہمارے پاس کھڑے ہوں گے۔انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کو نون لیگ سمیت ہر جماعت کے ساتھ اچھی باتوں پر اتفاق کرنا چاہیے۔ پیپلز پارٹی کی کارکردگی اچھی ہوتی تو ایم کیو ایم ختم ہوجاتی۔اس موقع پر گفتگو میں سنی تحریک کے رہنما ثروت اعجاز قادری نے کہا کہ ہم چاہتے ہیں شہر کا امن بحال ہو۔ مصطفیٰ کمال نے رنگ و نسل سے بالا ہو کر کراچی کیلئے کام کیا۔ ثروت اعجاز قادری نے کہا حیدر آباد میں این اے 219 اور 220 پر ایم کیو ایم کی حمایت کریں گے۔ ثروت اعجاز قادری نے کہا کہ باقی سیٹوں پر ہماری بات جاری ہے۔

Leave a reply