الیکشن کمیشن نے عام انتخابات کے دوران پولنگ سٹیشن میں موبائل فون لے جانے پر پابندی عائد کردی ہے۔ اس بارے میں الیکشن کمیشن نے چاروں صوبائی الیکشن کمشنرز کو مراسلے ارسال کردیے ہیں کہ عام انتخابات کے دوران پولنگ سٹیشن میں موبائل فون لے جانے پر پابندی ہوگی۔ مراسلے کے مطابق قومی اسمبلی اور صوبائی اسمبلیوں کے انتخابات 8 فروری کو منعقد کیے جائیں گے۔ الیکشن کمیشن کا کہنا ہےکہ پولنگ کے دوران پولنگ سٹیشن کے اندر موبائل فون لے جانے پر سختی سے پابندی ہوگی اور پریذائیڈنگ افسر کے علاوہ تمام انتخابی عملہ پولنگ کے دوران موبائل فون بند رکھے گا۔
خیبر پختونخوا اور بلوچستان میں امن و امان کی صورتحال,الیکشن کمیشن کا اجلاس طلب
دوسری جانب خیبر پختونخوا اور بلوچستان میں امن و امان کی صورتحال پر الیکشن کمیشن نے کل اجلاس طلب کرلیا۔ترجمان الیکشن کمیشن کا کہنا ہے کہ الیکشن کمیشن نے یکم فروری کو دن 3 بجے اجلاس بلایا ہے۔الیکشن کمیشن کے اجلاس میں وزیر داخلہ، سیکریٹری داخلہ، خیبر پختونخوا، بلوچستان کے چیف سیکریٹریز شریک ہوں گے۔ترجمان الیکشن کمیشن کا یہ بھی کہنا ہے کہ اجلاس میں آئی جی، انٹیلی جنس ایجنسیوں کے نمائندوں کو بھی مدعو کیا گیا ہے۔
بلوچستان میں فائرنگ،دستی بم حملہ، الیکشن کمیشن کا نوٹس،کاروائی کی ہدایت
علاوہ ازیں ترجمان الیکشن کمیشن کا کہنا ہے کہ میڈیا اور مانیٹرنگ ٹیموں کی رپورٹس کے مطابق بلوچستان کے ضلع قلعہ عبداللہ میں سیاسی جماعت کے قافلے پر فائرنگ کے نتیجے میں ایک شخص کے جان بحق ہونے والے اور ضلع کیچ میں حلقہ پی بی 25 کے امیدوار کے گھر کے باہر دستی بم سے حملے کے واقعات کا نوٹس لیتے ہوئے الیکشن کمیشن نے چیف سیکرٹری اور آئی جی بلوچستان سے فوری رپورٹس طلب کی ہیں اور ہدایت کی ھے ان واقعات میں ملوث افراد کے خلاف فوری کاروائی کی جائے








