نئی دہلی: بھارت نے جاسوسی کے الزام میں 8 ماہ قبل پکڑے گئے چینی کبوتر کو بے گناہ قرار دے دیا۔
باغی ٹی وی : بھارتی میڈیا کے مطابق پولیس نے چین کی جاسوسی کے شبے میں کبوتر کو مئی 2023 میں پیر پاؤ جیٹی نام کے علاقے سے پکڑا گیا جسے 8 ماہ کی تحقیقات کے بعد بے گناہ قرار دیتے ہوئے چھوڑ دیا گیا، کبوتر کو پکڑنے کے بعد بھارتی حکام نے دعویٰ کیا تھا کہ کبوتر کے پیروں میں ایک کاپر اور دوسرا ایلومینیم کا رنگ ڈالا گیا تھا جبکہ پروں کے نیچے سے چینی رسم الخط کی طرز پرلکھی گئی تحریر برآمد ہوئی۔
پولیس نے مقدمہ درج کرکے تحقیقات شروع کی تھیں اور 8 ماہ کی تحقیقات کے بعد یہ نتیجہ سامنے آیا کہ پکڑے جانے والے کبوتر کا چین سے کوئی تعلق نہیں کبوتر اڑان کے مقابلوں میں استعمال ہونے والا پرندہ ہے جو تائیوان میں ہونے والے مقابلوں کے لیے تیار کیا جاتا ہے،اس کبوتر کے پیروں میں بھی رنگز اسی مقابلے میں شناخت برقرار رکھنے کی غرض سے ڈالے گئے تھے۔
یہ کبوتر اڑتا ہوا اپنے ملک سے باہر آ گیا تھا اور بالآخر انڈیا میں پولیس کے ہاتھ لگ گیا تھا، کبوتر کو ممبئی میں قائم جانوروں اور پرندوں کے ہسپتال میں رکھا گیا تھا، اس ہسپتال کو پولیس کی جانب سے ہدایات جاری کی گئیں جس کے بعد کبوتر کو آزاد کر دیا گیا، ہسپتال کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ پرندے کا خاص خیال رکھا گیا تھا اور اس کی صحت بہت بہتر تھی۔
واضح رہے کہ بھارت اس سے قبل پاکستان پر بھی متعدد بار کبوتر کے ذریعے جاسوسی کے الزامات عائد کرچکا ہے۔








