ڈیرہ غازیخان ،باغی ٹی وی (سٹی رپورٹرجواداکبر) ایڈیشنل آئی جی ساؤتھ پنجاب محمد کامران خان نے ڈیرہ غازی خان کا دورہ کیا جہاں انہوں نے اعلیٰ سطحی اجلاس کی صدارت کی . اجلاس میں کمشنر ڈاکٹر ناصر محمود بشیر ،آر پی او کیپٹن (ر) سجاد حسن خان اور دیگر افسران موجود تھے۔
اجلاس میں عام انتخابات کے حوالے سے سکیورٹی اقدامات، سی سی ٹی وی کیمروں کی تنصیب و نگرانی، الیکشن مٹیریل کی پولنگ اسٹیشن پر بحفاظت و بروقت ترسیل، فورس کی ٹرانسپورٹیشن سمیت دیگر امور کا تفصیلی جائزہ لیاگیا اور حساس مقامات اور غیر ملکی شہریوں اوربین الصوبائی چیک پوسٹوں کی سکیورٹی کا جائزہ لیاگیا .
ایڈیشنل آئی جی نے ہدایت کی کہ فول پروف سکیورٹی کو یقینی بنایاجائے . اجلاس میں کمشنر ڈاکٹر ناصر محمود بشیر اور ا ر پی او کیپٹن ریٹائرڈ سجاد حسن خان نے ڈیرہ غازی خان ریجن کی جغرافیائی صورت حال،انتخابات کے حوالے سے کیے گئے سکیورٹی اقدامات،کچہ میں جرائم پیشہ عناصر کے خلاف کاروائیوں، غیرملکی شہریوں اوربین الصوبائی چیک پوسٹوں پر سکیورٹی کے اقدامات کے حوالے سے بریفنگ دی .
ایڈیشنل آئی جی نے کہاکہ شفاف انتخابات کا انعقاد ہمارا فرض ہے۔ انتخابات کے عمل کے دوران الیکشن کمیشن کے جاری کردہ ضابطہ اخلاق پر عمل درآمد ،ووٹرز کے لیے پرامن ماحول میں حق رائے دہی کا استعمال، بیلٹ پیپر زکی سکیورٹی کو ہرصورت یقینی بنایا جائے ۔
اجلاس کے دوران حساس مقامات کی سکیورٹی کا جائزہ لیتے ہوئے ایڈیشنل آئی جی محمد کامران خان نے ہدایت کی کہ حساس مقامات اور بین الصوبائی چیک پوسٹوں پر اضافی نفری تعینات کرکے سکیورٹی پر تعینات افسران واہلکاران کو ہمہ وقت الرٹ رکھا جائے .