پاکستان تحریک انصاف کے رہنما بیرسٹر گوہر کا کہنا ہے کہ پیپلز پارٹی اور ن لیگ کے ساتھ کوئی رابطہ نہیں ، ان کے ساتھ مل کر حکومت بنانے کا کوئی ارادہ نہیں۔ بیرسٹر گوہر نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ انتخابات میں ہماری نشستیں 150 کے قریب ہیں، توقع ہے حکومت سازی کو پہنچ جائیں گے ۔ انہوں نے کہا کہ وفاق، پنجاب اور کے پی میں حکومت بنائیں گے ، آزاد امیدوار کسی پارٹی کو جوائن نہیں کریں گے ، اسی پارٹی میں رہیں گے جس کی ہدایت انہیں بانی پی ٹی آئی کریں گے ۔ دوسری جانب پاکستان تحریک انصاف ( پی ٹی آئی) کے ذرائع نے بتایا ہے کہ پارٹی کی اعلٰی قیادت نے پارٹی کے جیتے ہوئے آزاد اُمیدواروں کو دوسری جماعت میں شامل کرنے کے لیے باقاعدہ مشاورت مکمل کر لی ہے اور یہ فیصلہ سیاسی اور پارٹی کے بہتر مفاد کو مد نظر رکھتے ہوئے کیا جا رہا ہے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ مشاورت مکمل کرنے کے بعد اب اس کی باقاعدہ منظوری کے لیے معاملہ کور کمیٹی کے سامنے پیش کیا جائے گا۔پارٹی ذرائع نے مزید بتایا ہے کہ اہم امور پر مشاورت اور فیصلےکے لیے کور کمیٹی کا اجلاس ہفتہ کے روز اسلام آباد میں طلب کیا گیا ہے، جس کے لیے بیرسٹر گوہر علی خان آبائی گاؤں بونیر سے اسلام آباد کے لیے روانہ ہو گئے ہیں۔

Shares: