وزیراعلیٰ پنجاب مریم نوازشریف کی وژنری ترجیحات

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نوازشریف کی وژنری ترجیحات
تحریر:ڈاکٹرغلام مصطفٰے بڈانی
پنجاب میں مسلم لیگ(ن)کی حکومت بن چکی ہے اور واضح اکثریت سے مریم نواز شریف وزیراعلی منتخب ہونے کے بعد عوامی مشکلات کیلئے متحرک ہوگئی ہیں،عوام اور صوبے کی ترقی کیلئے ان کی ترجیحات عوامی امنگوں کی ترجمانی ہے ،صحت اورتعلیم کے ساتھ عوام کو بنیادی سہولتوں کی فراہمی کیلئے جو حکمت عملی طے کی گئی ہے، اس سے پنجاب میں خوشحالی کے سنہری دورکاآغاز ہوچکاہے ۔

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نوازشریف نے وزارت اعلیٰ کاحلف اٹھانے کے بعد سب سے پہلے بڑے اقدام،نگہبان رمضان پیکیج کی تقسیم کا فیصلہ کیا ہے جس میںمستحقین کو راشن بیگ گھر کی دہلیزپرملیں گے، نگہبان رمضان پیکج کیلئے 10کلو آٹے کے تھیلے پرسابق وزیر اعظم میاں محمد نواز شریف کی تصویر کا لوگو بنایاگیاہے۔پروگرام نگہبان کے تحت رجسٹرڈ گھرانوں کو رمضان راشن بیگ دیے جائیں گے، پنجاب بھر سے 70 لاکھ خاندان رمضان راشن بیگ سے مستفید ہونگے۔

اس کے علاوہ ویراعلیٰ پنجاب مریم نوازشریف نے غریب عوام کیلئے شمسی توانائی کے منصوبے کااعلان کیا ہے جس سے عوام کو بجلی کے زیادہ بلوں سے نجات ملے گی اور صنعتکاروں،تاجروں اور سرمایہ کاروں کو راغب کرنے اور سرخ فیتے کے خاتمے کیلئے ون ونڈو منصوبے کا اعلان خوش آئند ہے۔

نومنتخب وزیراعلی پنجاب مریم نوازشریف بڑی محنت اور جانفشانی کیساتھ ہنگامی بنیاد وں پر عوام کو گذشتہ سالہاسال سے درپیش اہم مسائل مہنگائی سمیت دیگر عوامی فلاحی ترقیاتی منصوبوں کے علاوہ تعلیم وصحت کے علاوہ پڑھے لکھے بیروزگارنوجوانوں کیلئے بہتر حکمت عملی سے تعلیم کیساتھ ساتھ روزگار کے مواقع فراہم کئے جائینگے تاکہ تعلیم کے حصول کے بعد انہیں بیروزگاری کو سامنانہ کرناپڑے،پنجاب میں عوام دوست حکمت عملی اور قائدانہ صلاحیتوں کے بل بوتے پر سابقہ حکومتوں کی بہ نسبت بہتر ریلیف محسوس کرینگے، جبکہ عوام کودرپیش اہم مسئلہ بجلی اور گیس کے بلوں میں اضافہ کو بھی کافی حد تک کنٹرول کرکے خصوصی ریلیف دیاجائے گا جس سے عوام کی مشکلات میں کمی واقع ہوگی۔

اس کے علاوہ نومنتخب وزیراعلیٰ پنجاب مریم نوازشریف نے اپنے ٹویٹ میں کہا کہ لاہور میں پاکستان کا پہلا جدید ترین کینسر کا سرکاری ہسپتال بنایا جائے گا،کینسر ہسپتال سٹیٹ آف دی آرٹ ہوگا جہاں تمام مریضوں کا بلاتفریق مفت علاج ہوگا

نومنتخب وزیراعلی پنجاب مریم نواز شریف نے پنجاب اسمبلی سے اپنے پہلے خطاب میں پارٹی منشور پر عمل درآمد کا اعلان کرتے ہوئے صوبے کے عوام کے لیے بے تحاشا فلاحی منصوبوں کا اعلان کیا ہے۔ ان کی تقریر کے اہم نکات جس میں انہوں نے کہا کہ جن مخالفین نے ہم پر ظلم کے پہاڑتوڑے ان سے انتقام نہیں لوں گی،یہ ایوان جمہوریت کے اصولوں پر کاربند رہے گا،اپوزیشن کے لیے میرے آفس، دل اور چیمبر کے دروازے ہر وقت کھلے ہیں،رمضان کے لیے نگہبان کے نام سے ریلیف پیکیج بنایا ہے جو مستحق افراد کو گھر کی دہلیز پر ملے گا،رمضان میں سستے بازار بھی قائم کیے جائیں گے،عوا م کو قطاروں میں کھڑا دیکھ کر تکلیف ہوتی ہے،

انہوں نے کہا کہ پارلیمانی میٹنگ میں کہہ چکی ہوں کہ کرپشن پر میری زیرو ٹالیرنس ہے،پرائس کنٹرول کمیٹیوں کے اجلاس آج سے شروع ہوں گے۔مسلم لیگ (ن) کی وزیراعلی نہیں پنجاب کے 12کروڑ عوام کی وزیراعلی ہوں۔

ان کا کہنا تھا کہ میرے سامنے آج ہر وہ ماں اور بچہ ہے جو غذائی کمی شکار ہیں،آج میرے سامنے کسان ہے جس کی محنت سے معیشت چلتی ہے،آج میرے سامنے سڑک کنارے کھڑے بے روزگار مزدور ہیں،میرے سامنے بے روزگار نوجوان اور یتیم بچے ہیں جو ریاست کی ذمے داری تھے،عوام کے مسائل کو سامنے رکھ کر ایجنڈا ترتیب دیا ہے، آج سے عمل شروع ہوگا،حلف اٹھانے کے بعد سے منشور پر عمل درآمد شروع ہوگا۔میرا وژن ہے کہ پنجاب کو بزنس حب بنائیں،حکومت کا کام کاروبار نہیں پالیسی بنانا اور کاروبار کرنے والوں کو اچھا ماحول دینا ہے،چاہتی ہوں ایسا نظام لائوں جس سے کاروباری افراد کو سہولتیں ملیں،کوشش ہے کہ عوام سے رابطے کے لیے ہیلپ لائنز کھلی ہوں،

ہر پروجیکٹ پر عوامی فیڈ بیک اور تجاویز سنوں گی،60 ہزار روپے سے کم آمدنی والے مستحقین ہیں، ان کی مدد ہم پر فرض ہے،ابھی ہمارے پاس تمام مستحقین کا ڈیٹا نہیں، ڈیٹا فراہم کرنے کا کہا ہے۔

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نوازشریف کا کہناتھا کہ نوجوانوں کو لیپ ٹاپ، آئی پیڈ اور ٹیلیٹس دیں گے،نوجوانوں اور طلبہ کے لیے انٹرن شپ پروگرام لائیں گے،پولیس اور دیگر اداروں کو کہا کہ انٹرن شپ پروگرام بڑھائیں،محدود وسائل میں کچھ بچوں کو دنیا کی معروف یونیورسٹیوں میں تعلیم دلائیں گے،وزیراعلی ہائوس اور دفاتر کے دروازے طلبہ کے لیے کھلے ہوں گے،میرا خواب ہے کہ پنجاب کا میرا کوئی بچہ سکول سے باہر نہ ہو۔

انہوں نے کہا کہ چاہتی ہوں بچوں کو سکول میں اچھا ماحول اور تعلیم ملے،طلبہ اور نوجوانوں کو الیکٹرک موٹر بائیکس دیں گے،پبلک پرائیویٹ پارنٹر شپ میں سکولوں کو اساتذہ اور وسائل فراہم کریں گے،ٹیچرز ٹریننگ پروگرام شروع کریں گے، نئے اساتذہ بھی شامل کریں گے،بھٹے میں کام کرنے والے مزدور بچوں کے تعلیمی وظائف بحال کریں گے۔

ان کا کہناتھا کہ چاہتی ہوں کہ ہر ضلع میں ایک دانش سکول ضرور ہو،سرکاری سکولوں کا نصاب بہتر کرنے کی ضرورت ہے،سکلز ڈویلپمنٹ کی اپ گریڈیشن پر بھی خصوصی توجہ ہوگی،وقت پر تشخیص ہو تو بہت سارے خصوصی بچے معذوری سے بچ سکتے ہیں،پنجاب کے ہر ضلع میں خصوصی بچوں کو تعلیم، علاج اور ٹرانسپورٹ فراہم کریں گے،ہر شہر میں اسٹیٹ آف دی آرٹ اسپتال بنائیں گے تاکہ کوئی علاج کے لیے دوسرے شہر نہ جائے،سرکاری اسپتالوں کی ایمرجنسی میں آج سے مفت ادویات دینا شروع کریں گے،بنیادی صحت مراکز میں ڈاکٹرز کی موجودگی یقینی بنائی جائے گی۔

بہت سارے واقعات میں لوگ بروقت ہسپتال نہ پہنچنے سے جاں بحق یا معذور ہو جاتے ہیں، بہت جلد ایئر ایمبولینس سروس شروع کریں گے،موٹروے پر جلد ایمبولینس سروس سسٹم شروع کریں گے،بیماری کی بروقت اسکریننگ ہو تو علاج آسان ہوجاتا ہے، آبادی کی اسکریننگ کریں گے۔

نومنتخب وزیراعلیٰ پنجاب مریم نوازشریف کا کہناتھاکہ ہیلتھ کارڈ کرپشن کا شکار ہوا، ری ڈیزائننگ کرکے دوبارہ لے کر آئیں گے،زچہ بچہ کے لیے سہولیات کی فراہمی پوری توجہ ہوگی،خواتین کے لیے بہتر اور محفوظ پنجاب بنانا چاہتی ہوں،خواتین کے لیے مختص ہیلپ لائن بنائیں گے،چاہتی ہوں لڑکیوں کو بھی موٹر بائیکس اور اسکوٹی ملے،کسی خاتون کو ہراساں کرنا میری ریڈ لائن ہے۔

وزریراعلی پنجاب نے کہا کہ اقلتیں ہمارے سروں کا تاج ہیں، ان کے لیے محفوظ پنجاب اور پاکستان دیکھنا چاہتی ہوں،ٹرانسجیڈرز کو جلد عزت والا روزگار فراہم کریں گے،چاہتی ہوں ہر یونین کونسل میں ایک گرائونڈ ہو جہاں بچے کھیل سکیں،بچوں کے لیے کھیلتا پنجاب کا پروگرام شروع کریں گے،وژن ہے کہ ڈیجیٹل پنجاب بنائیں تاکہ انتظار اور قطاروں سے جان چھڑائیں،پاسپورٹ سمیت 43 بنیادی خدمات کو ڈیجیٹلائز کر رہے ہیں۔

وزیراعلیٰ مریم نوازشریف کاکہناتھا کہ پہلے مرحلے میں 10 بنیادی خدمات گھروں کی دہلیز پر پہنچائیں گے،وژن ہے کہ 5 سال بعد کوئی ایسی سڑک نہ ہو جو خراب ہو،شہباز شریف کے پکی سڑکیں منصوبے کو آگے لے کر جائیں گے،تمام ڈویژنل ہیڈ کوارٹرز میں میٹروبس منصوبے شروع کریں گے،جنوبی پنجاب پر میری خصوصی توجہ ہوگی،پولیس کا رسپانس ٹائم 20 منٹ سے بھی کم کریں گے

انہوں نے کہاکہ چاہتی ہوں کہ پورے پنجاب میں مساوی ترقی ہو،الیکٹرک بسوں کے لیے چارجنگ پوائنٹس پلان کر رہے ہیں،محفوظ پنجاب میرا خواب ہے، سیف سٹی بننے کے بعد لاہور میں 20 فیصد جرائم کم ہوئے،ایسا سیف سٹی سسٹم لائیں گے جس سے ٹریفک مینجمنٹ بھی آسان ہو،تھانہ کلچر بہتر بنائیں گے، خود تھانے کا دورہ کروں گی، ماڈل ویمن پولیس اسٹیشن بنائیں گے،جیل میں طبی سہولتوں کی فراہمی بھی ترجیح ہے۔

وزیراعلیٰ مریم نوازشریف نے اپنے خطاب میں کہا کہ زرعی مشینری رعایتی نرخ پر فراہم کریں گے،زراعت میں زیادہ توجہ چھوٹے کسان پر ہوگی،کسان کو جو مشینری چاہیے پنجاب حکومت اس کے لیے ون ونڈو آپریشن شروع کرے گی،کسان کو بہتر بیج اور کھاد فراہم کریں گے،
لائیو اسٹاک کے لیے خصوصی پیکیج لا رہے ہیں، لوگوں کو مویشی فراہم کریں گے جہاں ضرورت ہوئی مفت دیں گے۔

وزیراعلیٰ مریم نوازشریف کہا کہ آسان قسطوں پر 300 یونٹ سے کم والے بجلی صارفین کو سولر سسٹم دیں گے،بجلی کے بلوں میں ریلیف دینے کے لیے ٹیمیں بٹھا دی ہیں، کوشش کریں گے کہ عوام کو بجلی کے بلوں میں ریلیف دیا جا سکے،اوورسیز پاکستانیوں کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کیے جائیں گے،صاف ستھرا پنجاب اسکیم کے تحت اضلاع کے درمیان مقابلے کا رجحان پیدا کیا جائے گا،آلودگی سے نجات کے لیے ٹیمیں بٹھا دی ہیں،اوورسیز پاکستانیوں کے لیے زمین کے کاغذات وغیرہ کے لیے سسٹم بنائیں گے،ہم 5 سال بعد آپ کو بہتر پنجاب دے کر جائیں گے

وزیراعلیٰ مریم نوازشریف نے کہا کہ چاہتی ہوں کہ میڈیا کی سیفٹی، سیکیورٹی، ہیلتھ انشورنس اور میڈیا ورکرز کے بچوں کی کفالت ہوسکے،ایک ماہ کا وقت دیا ہے کہ مجھے کہیں بھی کچرا یا غلاظت کا ڈھیر نظر نہ آئے،وعدہ کرتی ہوں کہ محنت اور توجہ عوام پر وقف ہوگی۔

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نوازشریف نے اپنے پہلے خطاب میں اپنی حکومت کی جو ترجیحات واضح کی ہیں اس سے مریم نوازشریف کی قیادت میں پنجاب صحیح معنوں میں ترقی کی روشن منزلوں پر رواں ہوجائیگا اور عوام مشکلات کے سابقہ ادوار کو بھول جائیں گے اورمریم نوازشریف کا نام بطوروزیراعلیٰ پنجاب تاریخ میں ہمیشہ کیلئے امر ہوجائے گا !

Leave a reply