سرگودھا،باغی ٹی وی (سٹی رپورٹر ادریس نواز چدھڑ)صوبائی وزیر مواصلات ملک صہیب احمد بھرتھ نے چک 6 ایم ایل پھلروان میں شہید کانسٹیبل محسن عباس کے والد اور والدہ سے ملاقات اور اظہار تعزیت کی ۔ صوبائی وزیر نے شہید کی قبر پر پھولوں کی چادر چڑھائی ۔

لواحقین سے بات چیت کرتے ہوئے صوبائی وزیر کا کہنا تھا کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایت پر تعزیت کیلئے آیا ہوں ۔ وزیراعلیٰ پنجاب جلد شہید کے اہل خانہ سے ملیں گی ۔

انہوں نے کہا کہ شہید کانسٹیبل محسن عباس نے عوام کے جان و مال کے تحفظ کیلئے قربانی دی ہے ۔ اہل علاقہ سمیت پوری قوم کو شہید کی قربانی پر فخر ہے ۔ شہید کی قربانی رنگ لائے گی اور ملک امن و امان کا گہوارہ بنے گا ۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ حکومت شہید کے اہل خانہ کو کسی صورت تنہا نہیں چھوڑے گی ، وزیراعلیٰ پنجاب نے شہید کے اہل خانہ کیلئے فوری اقدامات کی ہدایت کی ہے ،شہداء پولیس ہمارے ماتھے کا جھومر ہیں ،شہداء کی قربانیوں کو کبھی فراموش نہیں کیا جا سکتا ۔

اس موقع پر ڈی پی او سرگودھا محمد فیصل کامران اور اسسٹنٹ کمشنر بھلوال سفیان بن دلاور سمیت دیگر پولیس و انتظامی افسران بھی موجود تھے ۔
یاد رہے کہ تھانہ میانی محافظ سکواڈ سرگودھا میں تعینات کانسٹیبل محسن عباس دو روز قبل ڈاکوؤں کا مقابلہ کرتے ہوئے شہید ہو گئے تھے.

محافظ سکواڈ ٹیم کا دوران پٹرولنگ موٹر سائیکل سوار 04 ڈاکوؤں سے سامنا ہوا تھا ، محافظ سکواڈ کے جوانوں نے مشکوک ڈاکوؤں کو روکنے کی کوشش کی تو
ڈاکوؤں نے پولیس پارٹی کو دیکھتے ہی سیدھی فائرنگ شروع کر دی تھی ، فائرنگ کے تبادلے میں کانسٹیبل محسن عباس پیٹ میں گولی لگنے سے شدید زخمی ہوئے جو ہسپتال پہنچانے پر بھی جانبر نہ ہو سکے ، فائرنگ کے تبادلے میں مرکزی شوٹر ڈاکو جہنم واصل ہواتھا ۔

Shares: