وزیر اعظم شہباز شریف اور وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈا پور کی خوشگوار ماحول میں ملاقات ہوئی ہے ، شہباز شریف نے بھی خوشگوار موڈ میں علی امین گنڈا پورا کا استقبال کیا، ملاقات میں وزیر داخلہ محسن نقوی، وزیر خزانہ محمد اورنگزیب، وزیر اطلاعات عطاءاللہ تارڑ، وفاقی وزیر احسن اقبال بھی موجود تھے۔ وزیراعظم شہباز شریف سے ملاقات میں وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور نے صوبے میں نئے چیف سیکرٹری کی تعیناتی کا مطالبہ کر دیا، علی امین گنڈا پور نے شہاب علی شاہ کو چیف سیکرٹری تعینات کرنے کی سفارش کی۔وزیر اعظم شہباز شریف سے ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے علی امین گنڈا پور نے کہا کہ صوبے کے مسائل کے حوالے سے بات چیت ہوئی، انہوں نے وزیراعظم سے ملاقات کو مثبت قرار دے دیا۔علی امین گنڈاپور نے دوسرے صوبوں کی طرح خیبر پختونخوا کو بھی فنڈز دینے کا مطالبہ کر دیا، علی امین گنڈا پور نے صوبے کے 1500 ارب روپے کے واجبات کو کلیئر کرنے کا بھی مطالبہ کیا۔علی امین گنڈا پور کا کہنا تھا کہ وزیراعظم نے کہا عوام نے آپ کو مینڈیٹ دیا جو بھی ٹیم لائیں اعتراض نہیں، وزیراعظم نے فل سپورٹ کرنے کا کہا ہے۔علی امین گنڈا پور نے کہا کہ نیشنل سکیورٹی کے حوالے سے بھی جلد میٹنگ بلائی جا رہی ہے، بانی پی ٹی آئی کا ہرگز مطلب یہ نہیں کہ پاکستان کو پیسے نہ دیئے جائیں، انہوں نے کہا کہ جب وزیراعظم پشاور آئے تو اس دن پشاور میں نہیں تھا۔وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا نے کہا کہ یہ پاکستان ہمارا ہے، بانی پی ٹی آئی سے ملاقات کے حوالے سے معاملات بھی اٹھائے، سینیٹ الیکشن کے حوالے سے بانی پی ٹی آئی سے ملاقات ضروری ہے۔

Shares: