میرپورخاص،باغی ٹی وی (نامہ نگار سید شاہزیب شاہ کی رپورٹ ) وزیراعلی سندھ کی جانب سے تشکیل دی گئی ڈویژنل کمیٹی کے فوکل پرسن وصوبائی وزیر خوراک و آبپاشی جام خان شوروکی صدارت میں اشیائے ضروریہ کی قیمتوں کی جانچ پڑتال کے حوالے سے کمشنر آفس میں اعلی سطحی اجلاس منعقد ہوا۔
اجلاس میں ایڈیشنل کمشنر ون ڈاکٹر علی نواز بھوت ،ایڈیشنل کمشنر ٹو سونو خان چانڈیو ،ڈپٹی کمشنر میرپورخاص ڈاکٹر رشید مسعود خان ، ڈپٹی کمشنر عمرکوٹ ولی محمد بلوچ ، ڈپٹی کمشنر تھرپارکر عبدالحلیم جاگیرانی ، ایس ایس پی میرپورخاص کیپٹن ریٹائرڈ اسد علی چودھری تمام تحصیلوں کے اسٹنٹ کمشنرز ، بیورو آف سپلائی ، مارکیٹ کمیٹی ، یوٹیلیٹی اسٹورز، لائیو اسٹاک ، چیف میونسپل کمشنر رفیق احمدسیہڑ اور دیگر متعلقہء افسران نے شرکت کی
اس موقع پر صوبائی وزیر نے کہا کہ ماہ رمضان المبارک کے بابرکت مہینے میں ہر ممکن سطح پر اشیاء خورد و نوش کی قیمتوں پر عوام کو ریلیف فراہم کرنا ہے اس ضمن میں حکومت سندھ نے صوبائی اور ڈویژنل سطح پر مانیٹرنگ کمیٹیاں تشکیل دی ہیں تاکہ وہ اشیاء خورد و نوش کی قیمتوں کا جائزہ لے کر متعلقہ حکام کو اشیاء خورد و نوش کی قیمتیں مقرر کرکے عوام کو ریلیف فراہم کرنے کا پابند بنایا جائے.
قبل ازیں اجلاس میں کمشنر میرپورخاص فیصل احمد عقیلی نے صوبائی وزیر کو آگاہی دیتے ہوئے کہا کہ ضلعی انتظامیہ کی جانب سے روز مرہ اشیاء خورد و نوش کی قیمتیں مقرر کرنے کے لیے قبل از وقت موثر اقدامات اٹھائے گئے ہیں جس کی وجہ سے اشیاء خورد و نوش کی قیمتیں مقرر کردہ قیمتوں پر فروخت ہورہی ہیں جس کا فائدہ عوام کو پہنچ رہا ہے علاوہ ازیں کھاد کی کمی کی شکایات کا بھی نوٹس لے کر موثر حکمت عملی اپنائی گئی جس کو سندھ کے دیگر ڈویژن کے مقابلے میں پذیرائی بھی ملی ہے اور کہا کہ ضلع انتظامیہ ہر ممکن کوشش کر رہی ہے کہ میرپورخاص کی عوام کو بھی زیادہ سے زیادہ ریلیف فراہم کیا جائے .
انہوں نے ڈپٹی کمشنرز کو ہدایت کرتے ہوئے کہاکہ حکومت سندھ کی ہر ممکن کوشش ہے کہ عوام کو روز مرہ اشیاء اور سبزیوں اور فروٹس کی مناسب قیمتیں مقرر کر کے زیادہ سے زیادہ ریلیف فراہم کیا جائے اور کہا کہ حکومت کی جانب سے مقرر کردہ روز مرہ اشیاء اور سبزیوں اور فروٹس کے نرخ کو مقرر کردہ قیمتوں پر فروخت کو یقینی بنایا جائے.
بعد ازاں صوبائی وزیر خوراک و آبپاشی جام خان شورو نے کمشنر کمیٹی ہال میں روینیو افسران اور محکمہء آبپاشی کے افسران سے بھی کمشنر کمیٹی ہال میں اجلاس کیا اس موقع پر انہوں نے کہا کہ حکومت سندھ بارشوں سے قبل ایل بی او ڈی ،ڈھورو پران اور ہاکڑو ڈرین سے بارش کے پانی کے نکاسی کے لیے الگ اسکیم بنائی جا رہی ہے
اس اسکیم کے تحت آر ڈی 210 پر بڑا گیٹ لگایا جائے گا صوبائی وزیر نے کہا کہ تینوں اضلاع کے ڈپٹی کمشنرز مل کر اپنے اپنے اضلاع سے ایل بی او ڈی ، ڈھورو پران اور ہاکڑو نالوں کا معائنہ کر کے رپورٹ دیں تاکہ بارشوں سے قبل اسکیم پر عمل درآمد کروایا جا سکے .
انہوں نے ڈپٹی کمشنر میرپورخاص ڈاکٹر رشید مسعود خان کو ہدایت کی کہ ڈھورو اور پران نالوں میں تجاوزات کو ہٹانے کے لئے موئثر اقدامات کئے جائیں .
دریں اثناء میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے صوبائی وزیر خوراک جام خان شورو نے کہا ہے کہ سندھ میں پانی کی کمی کے باوجود نارا اور روہڑی کینال کو 7 ہزار 200 کیوسک پانی مل رہا ہے اور سندھ میں پانی کی کمی کے متعلق وفاق سے اختلاف ہے کہ صوبہء سندھ میں پیشگی فصلوں کی پیداوار ہونے کے لیے پانی کی کمی نہ کی جائے
انہوں نے کہا کہ سندھ کے دیگر کینالوں میں 70 فیصد تک پانی کی کمی ہے مگر پھر بھی روٹیشن پروگرام کے تحت فصلوں اور پینے کے پانی کی فراہمی کو یقینی بنایا جا رہا ہے .