لنڈی کوتل(باغی ٹی وی رپورٹ)وسطی کرم میں گورنمنٹ ہائی سکول مناتو کو ہائیر سیکنڈری کا درجہ دیا جائے،قبائلی مشران کا مطالبہ
تفصیل کے مطابق وسطی کرم کے قبائلی عمائدین نے مختلف سرکاری اور تعلیمی حکام کو ایک اجتماعی اپیل جمع کرائی ہے، جس میں ان پر زور دیا گیا ہے کہ وہ گورنمنٹ ہائی سکول مناتو کو ہائیر سیکنڈری سکول کا درجہ دیں۔
مشران نے موقف اختیار کیا ہے کہ یہ اقدام خطے میں میٹرک کے بعد تعلیم جاری رکھنے میں معاون ثابت ہوگا۔
وسطی کرم کے علاقے مناتو میں منعقدہ ایک جرگے کے دوران ملک نواب خان، حاجی شریف، نائیک احمد، اور مزید خان سمیت معززین نے گورنمنٹ ہائی سکول مناتو کو ہائر سیکنڈری کا درجہ دینے کی اپیل کی ہے ۔
وسطی کرم میں مقیم باسیوں کو درپیش تعلیمی چیلنجوں کو اجاگر کرتے ہوئے، عمائدین نے مقامی طلباء کو ان کے قریبی علاقوں میں اعلیٰ ثانوی تعلیم تک رسائی فراہم کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔
انہوں نے اس مشکل سفر کا حوالہ دیا جو اس وقت طلباء میٹرک کے بعد مزید تعلیم حاصل کرنے کے لیے کرتے ہیں، مشران نے کہا کہ مقامی طلباء کو دور دراز علاقوں کے سکول کو پیدل سفر کرنا پڑتا ہے۔
کوٹکی، ہرشو، مرغان لنگرو ڈونگا ظریف کلے، وارستہ میلہ، کامران کلے، ہماری، رو چنار کے، کروٹ، سروبی، عمرگی، بزڈی، گاوکی، سر ہاوی، درہ جیسے علاقوں میں ہائر سیکنڈری اسکول کی کمی ہے۔
مشران نے کہا کہ منڈان، جبو لِل گڈا، اور کنڈالی میں سینکڑوں طلباء اپنے گھروں سے دور تعلیم حاصل کرنے پر مجبور ہیں ۔
مشران نے ایم این اے انجینئر حامد حسین، ایم پی اے ریاض شاہین، سیکرٹری تعلیم مسعود خان، وزیر تعلیم فیصل خان ترکئی، وزیر اعظم میاں شہباز شریف، آرمی چیف، کور کمانڈر پشاور، ڈائریکٹر ایجوکیشن سمنا الطاف، ڈی ای اوکُرم سلطان محمدسے اپیل کی ہے کہ مناتو ہائی سکول کو ہائر سیکنڈری کا درجہ دیا جائے ۔