اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا ہے کہ بشام حملہ دہشت گردوں کا بزدالانہ فعل تھا، ایسے واقعے کا مقصد پاک چین تعلقات کو سبوتاژ کرنا ہے، بشام واقعے کے پس پردہ پاکستان کے دشمن کارفرما ہیں، دہشت گردوں کو قرار واقعی سزا دیں گے۔
باغی ٹی وی : وزیراعظم شہباز شریف نے داسو کا دورہ کے دوران چینی داسو ہائیڈرو پاور پراجیکٹ پر کام کرنے والے چینی انجینئرز سے ملاقات کی،اس موقع پر بشام واقعہ میں دہشت گردی کا نشانہ بننے والے چینی انجینئرز کی یاد میں 30 سیکنڈ کی خاموشی اختیار کی گئی۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا کہ چینی بہن اور بھائیوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کیلئے داسو کا دورہ کیاہے، 26 مارچ کو بشام میں پیش آنے والے افسوسناک واقعہ پر چینی انجینئرز اور ورکرز سے اظہار یکجہتی کرتے ہیں جس میں 5 چینی انجینئرز اور ایک پاکستانی جاں بحق ہوئے۔
چینی سفیر جیان ژائی ڈونگ نے کہا کہ حملے کے فوری بعد وزیراعظم شہباز شریف نے سفارت خانے کا دورہ کیا، داسو ڈیم کا دورہ کرنے پر وزیراعظم کے مشکور ہیں، چینی ماہرین کی سیکیورٹی پر وزیراعظم نے اجلاس طلب کیا، وزیراعظم پاکستان نے چینی باشندوں کی فول پروف سیکورٹی کی یقین دہانی کرائی، امید ہے کہ پاکستانی حکومت دہشت گردی کے واقعات کی روک تھام کیلئے مزید اقدامات اٹھائے گی۔
داسو تعزیتی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعطم شہباز شریف نے کہا کہ بشام حملے میں پاکستان کے دشمن شامل ہیں، بشام واقعہ دہشت گردی کا بزدلانہ فعل تھا، دہشت گردوں کو قرار واقعی سزا دیں گے حکومت چین کے انجینئرزکو ہرممکن سیکیورٹی فراہم کرے گی، ہمارے چینی دوست پاکستان کی ترقی کی اہم کردار ادا کررہے ہیں، وزیرِاعظم نے چینی باشندوں کی سیکیورٹی کو مزید بہتر بنانے کے لیے فوری اور واضح اقدامات کی ہدایات جاری کیں۔
وزیراعظم نے کہا کہ اس واقعہ کی تحقیقات کیلئے جے آئی ٹی تشکیل دی گئی ہے جس کی سفارشات پر ہم بغیر وقت ضائع کئے اس کی روح کے مطابق کارروائی کریں گے وزیراعظم نے کہا کہ آئندہ چند دنوں میں ایک اور اجلاس میری زیر صدارت ہو گا، داسو سمیت ملک بھر میں کام کرنے والے چینی شہریوں کو بہتر سیکورٹی فراہم کریں گے شرپسندوں کو جلد کٹہرے میں لائیں گے –








