سرگودھا : آئی ایل ایم کالج میں طلباء سے فیئر ویل کے نام پر ایک ماہ میں 2 مرتبہ بھاری رقوم کی وصولی کا انکشاف

سرگودھا ،باغی ٹی وی (سٹی رپورٹر ادریس نواز چدھڑ سے ) آئی ایل ایم کالج میں طلباء سے فیئر ویل کے نام پر ایک ماہ میں 2 مرتبہ بھاری رقوم کی وصولی کا انکشاف ہوا ہے ڈائریکٹر کالجز ، ڈپٹی کمشنر اور کمشنر سرگودھا کی بے خبری میں آئی ایل ایم کالج نے اندھیر نگری مچا دی ۔

سیکنڈ ائیر کی کلاسسز شروع ہونے سے 3 ماہ قبل جبری طور پر فیس بٹوری جانے لگی ، فیس نہ دینے والے طلباء کو فرسٹ ایئر بورڈ امتحانات کی رول نمبر سلپ نہیں دی جاِئے گی ، کالج ذمہ داران کی بلیک میلنگ ، طلباء و والدین پریشان، کالج ذمہ داران، ڈائریکٹر کالجز اور ضلعی انتظامیہ کیخلاف بھرپور احتجاج ، مقامی انتظامیہ کی حالات پر کمزور گرفت اور غفلت و لاپرواہی کا خمیازہ سرگودھا کے باسیوں کو بھگتنا پڑ رہا ہے ۔

سرگودھا میں مبینہ طور پر ڈائریکٹر کالجز کی سرپرستی میں نجی کالج مالکان و ذمہ داران لوٹ مار کا بازار گرم کئے ہوئے ہیں اور زیر تعلیم طلباء سے مختلف فنڈز و پارٹیوں کے نام پر بھاری رقوم بٹوری جا رہی ہیں ۔ یہاں آئی ایل ایم کالج سرفہرست ہے کہ جہاں گذشتہ ماہ طلباء سے فیئر ویل پارٹی کے نام پر 11 سو روپے فی طالب علم وصول کیئے گئے اور بعد ازاں چند دن بعد ہی سیکنڈ ایئر کی فیس کیلئے جاری کردہ چالان فارم میں دوبارہ فیئر ویل کے نام پر مزید 11 سو روپے شامل کر دیئے گئے اور اس کو فیس کا حصہ قرار دیتے ہوئے وصولی لازمی قرار دے دی گئی ۔

یہاں یہ امر قابل ذکر ہے کہ سرگودھا بورڈ کے تحت فرسٹ ائیر کے امتحانات 8 مئی کو شروع ہو رہے ہیں ۔ امتحانات مکمل ہونے اور رزلٹ آنے کے بعد سیکنڈ ایئر فیس وصولی ہونا تھی جب کہ کالج ہذا نے ماہ مارچ میں ہی سیکنڈ ایئر کی فیس وصول کا جبری سلسلہ شروع کر دیا اور فیس ادا نہ کرنے والے طلباء کو فرسٹ ائیر بورڈ امتحانات کی رول نمبر سلپ نہ دیئے جانے کی دھمکی دے کر بلیک میل کیا جا رہا ہے ۔

آئی ایل ایم کالج کی اس اندھیر نگری اور غنڈہ گردی پر طلباء اور والدین نے شدید احتجاج کرتے ہوئے وزیراعلیٰ پنجاب محترمہ مریم نواز شریف سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ اس سنگین صورت حال کا نوٹس و ایکشن لیں اور مقامی انتظامیہ کو خواب غفلت سے بیدار کرتے ہوئے اس مہنگائی کے دور میں عوام کو لوٹنے والے اس نام نہاد تعلیمی ادارہ کی انتظامیہ کو نکیل ڈالیں ورنہ نجی تعلیمی اداروں کی لوٹ مار کا یہ سلسلہ عوام سے جینے کی سکت چھین لے گا ۔

Leave a reply