اسلام آباد: الیکشن کمیشن نے محمود خان اچکزئی کے حلقے این اے 266 قلعہ عبداللہ میں دوبارہ گنتی کی درخواست مسترد کردی۔
باغی ٹی وی : الیکشن کمیشن کے فیصلےکے مطابق کامیاب امیدوار اور رنراپ امیدوار میں ووٹوں کا فرق 8589 ہے، 36 پولنگ اسٹیشنز پر ووٹوں کی دوبارہ تصدیق کرنےکی درخواست بھی مسترد کردی گئی، الیکشن کمیشن کے مطابق درخواست گزار اس ضمن میں ٹھوس شواہد دینے میں ناکام رہے،درخواست گزار شواہد کے لیے الیکشن ٹربیونل سے رجوع کرسکتا ہے، جمعیت علما اسلام کے امیدوار صلاح الدین نے الیکشن کمیشن میں درخواست دائر کی تھی۔
واضح ہے کہ عام انتخابات میں قلعہ عبداللہ کم چمن کے حلقے این اے 266 کے غیر حتمی اور غیر سرکاری نتیجوں کے مطابق پشتونخوا ملی عوامی پارٹی کے سربراہ محمود خان اچکزئی کامیاب قرار پائے تھے،تمام 260 پولنگ اسٹیشنوں کے غیر سرکاری نتائج کے مطابق محمود خان اچکزئی 67 ہزار28 ووٹ لے کر کامیاب جبکہ جے یو آئی ف کے مولانا صلاح الدین 58 ہزار439 ووٹ لے کر دوسرے نمبر پر رہے تھے-