اوچ شریف: خوش قسمت ہیں وہ لوگ جنہوں نے اپنی زندگی میں رمضان المبارک کوپایا،افتخار گیلانی

اوچ شریف باغی ٹی وی (نامہ نگار حبیب خان) خوش قسمت ہیں وہ لوگ جنہوں نے اپنی زندگی میں ماہ رمضان المبارک پایا ان خیالات کا اظہار مخدوم سید افتخار الحسن گیلانی سجادہ نشین دربار عالیہ مخدوم حضرت محبوب سبحانی نے جمعۃ الوداع رمضان المبارک کی جُدائی کے موقع پر کیا

تفصیلات کے مطابق اوچ شریف دربار عالیہ حضرت محبوب سبحانی کے سجادہ نشین مخدوم سید افتخار الحسن گیلانی نے رمضان المبارک کے آخری جمعہ کے موقع پر جمعۃ المبارک کے روز دعا کی قبولیت کے حوالے سے ذکر کرتے ہوئے کہا کہ اہل ایمان کس قدر خوش بخت ہیں کہ انہیں رمضان المبارک نصیب ہوا،

انہوں نے اس کی ایمان افروز گھڑیوں سے خوب فیض حاصل کیا اور شب و روز عبادات کے ذریعے اپنی بخشش کا سامان کیا اور اپنے رب کو راضی کرنے کی کوشش کی۔ ایمان والے دن بھر روزے سے رہے اور رات میں تراویح میں قرآن کی سماعت بھی کی اور شب بیداری کی سعادت سے بھی بہرہ مند ہوئے۔

مگر اب ایمان افروز ساعتوں کا اختتام ہورہا ہے۔ آج اس ماہ مقدس کا آخری جمعۃ المبارک ہے، یہ جمعہ چوں کہ ہمیں رمضان سے جدا کررہا ہے، اس لیے اسے ’’جمعۃ الوداع‘‘ کہا جاتا ہے۔ اس جمعے کے بعد ہمیں رمضان المبارک کی مبارک ساعتیں اگلے سال تک نصیب نہیں ہوں گی۔ اہل ایمان اور اہل توحید اس دن کو بڑے بوجھل دل کے ساتھ رخصت کرتے ہیں، کیوں کہ اس کے ساتھ ہی رمضان کی رخصتی بھی عمل میں آجاتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ ویسے تو تمام دن اور تمام راتیں اﷲ تعالیٰ ہی نے بنائی ہیں اور وہی ان دنوں اور راتوں کا مالک بھی ہے۔ مگر جمعے کا دن خاص فضیلت اور بڑی برکتوں والا دن ہے، اسی وجہ سے اسے ’’سیّدالایّام‘‘ یعنی تمام دنوں کا سردار کہا گیا ہے۔ اہل ایمان والتوحید کے لیے تو یہ دن گویا مثل عید ہے۔

مخدوم سید افتخار الحسن گیلانی نے رمضان المبارک کے آخری جمعہ پر تمام مسلمانوں سمیت فلسطین کے لیے خصوصی دعا کی اور مسلم حکمرانوں سے اپیل کی کہ فلسطین کے ساتھ دیں اور جنگ بندی ختم کرائی جائے معصوم بچوں اور خواتین مردوں کا بے دردی سے قتل عام کیا جا رہا ہے تمام مسلم ممالک کو چاہیے کہ اپنے مظلوم بھائیوں کا ساتھ دیں

Leave a reply