افطار پارٹی میں شربت پینے سے 20 افراد کی حالت غیر ہوگئی

متاثرہ افراد میں میزبان کے اہل خانہ کے علاوہ مہمان بھی شامل تھے
0
186

کوٹلی: آزاد کشمیر میں افطار پارٹی میں شربت پینے سے 20 افراد کی حالت غیر ہوگئی، جنہیں تشویش ناک حالت میں ہسپتال منتقل کردیا گیا۔

باغی ٹی وی : یہ افسوسناک واقعہ آزاد کشمیر کے شہر کوٹلی کے علاقے تتہ پانی میں پیش آیا،جہاں شربت پینے سے 20 سے زائد افراد متاثر ہوئے جنہیں فوری طور پر مقامی ہسپتال پہنچایا گیا،متاثرہ افراد کو تتہ پانی کے قریبی ہسپتال میں ابتدائی طبی امداد کے بعد انتہائی تشویش ناک حالت میں کوٹلی ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہےافطار پارٹی تتہ پانی کے نواحی علاقے لہڑی میں تھی اور متاثرہ افراد میں میزبان کے اہل خانہ کے علاوہ مہمان بھی شامل تھے۔

قبل ازیں گزشتہ روز ٹوبہ ٹیک سنگھ میں شوہر سے لڑائی کے بعد زہریلی چائے پینے کے بعد خاتون اور بچوں کو اسپتال میں داخل کیا گیا تھا جہاں 4 بچے کل ہلاک ہوگئے تھے جب کہ بڑی بیٹی اور والدہ آج دم توڑ گئیں ،بچوں کی والدہ نادیہ نے گزشتہ روز ویڈیو پیغام میں اپنے شوہر پر چائے میں زہر ملانے کا شبہ ظاہر کیا تھا۔

پولیس حکام کو شبہ ہےکہ چائے میں زہر نادیہ نے ملایا تھا، پولیس نے نادیہ کے بھائی کی مدعیت میں مقدمہ درج کرکے شوہر کو حراست میں لے لیا ہے ،پولیس کے مطابق ٹوبہ ٹیک سنگھ کے نواحی علاقے میں میاں بیوی کے درمیان جھگڑا ہوا جس میں خاتون نے طیش میں آکر پہلے 5 بچوں کو زہریلی چیز کھلائی اور پھر خود بھی کھالی۔

Leave a reply