ملک کے اکیس اضلاع میں ضمنی انتخاب ،موبائل سروس معطل

0
77
vote

ملک کے مختلف علاقوں میں ضمنی انتخابات کے لیے پولنگ کا آغاز ہو چکا ہے ، قومی اسمبلی کی 5 اور صوبائی اسمبلی کی 16 نشستوں پر ووٹنگ کا عمل صبح 8 بجے سے شام 5 بجے تک جاری رہے گا۔قومی اسمبلی کے جن حلقوں میں ضمنی انتخاب ہورہا ہے ان میں پنجاب کے 2، خیبر پختونخوا کے 2 اور سندھ کا ایک حلقہ شامل ہے۔صوبائی اسمبلیوں کی جن نشستوں پر ضمنی الیکشن ہورہا ہے اس میں پنجاب اسمبلی کی 12، بلوچستان اور سندھ کی 2،2 نشستیں شامل ہیں۔وزارت داخلہ کی ہدایات کی روشنی میں ضمنی انتخابات کے دوران پنجاب اور بلوچستان کے چند اضلاع میں موبائل فون سروس عارضی طور پر معطل رہے گی، تاہم لینڈ لائن نیٹ سروسز بحال رہیں گی۔
یہ فیصلہ انتخابی عمل کو بلا تعطل اور شفاف انداز میں پایہ تکمیل تک پہنچانے کیلئے کیا گیا ہے۔محکمہ داخلہ پنجاب نے ایک مراسلے میں وفاقی وزارت داخلہ سے سفارش کی تھی کہ 13 اضلاع اور تحصیلوں میں انٹرنیٹ سروس معطل کی جائے جبکہ موبائل پر کال سروس بحال رہے۔الیکشن کمیشن کی درخواست پر وفاقی حکومت نے سول آرمڈ فورسز اور فوج تعینات کرنے کی منظوری دے دی ہے۔رپورٹس کے مطابق پولیس سیکیورٹی پہلے، سول آرمڈ فورسز دوسرے جبکہ پاک فوج کے اہلکار تیسرے حصار میں فرائض انجام دیں گے۔الیکشن کمیشن کے مطابق ضمنی انتخاب کے لیے پولنگ کے سامان کی ترسیل کردی گئی ہے۔

Leave a reply