اوچ شریف ،باغی ٹی وی(نامہ نگارحبیب خان) نادرا رجسٹریشن سنٹر عوام کے لئے درد سر بن گیا، خواتین کو شناختی کارڈز اور ب فارم کے حصول میں شدید مشکلات کا سامنا، انچارج ذوالقرنین کی مبینہ آشیرباد سے ایجنٹ مافیا کی چاندی، ٹوکن کے حصول کے لیے رشوت نہ دینے والی خواتین کی تذلیل معمول، سیاسی چمچوں کو نوازنے کا سلسلہ بھی جاری، ڈی جی نادرا فوری ایکشن لیں، شہریوں کامطالبہ،
ایم این اے اور ایم پی اے کے کارندوں کو روزانہ کے بیس بیس ٹوکن نہ دیں تو تبادلہ کی دھمکیاں ملتی ہیں، نادرا ملازم ذوالقرنین کا مبینہ انکشاف

تفصیلات کے مطابق نادرا رجسٹریشن سنٹر اوچ شریف میں دور دراز علاقوں سے آئے ہوئےسینکڑوں مرد و خواتین جو کہ سرور آباد، رتہڑنہرانوالی، دھوڑکوٹ، خیرپورڈاہا، نوناری، حلیم پور ، کوٹلہ رحمت شاہ ،بکھری چناب رسول پور ، بختیاری، چک کہل ،بنگلہ مستوئی ،بیٹ احمد ، طاہروالی، ترنڈبشارت سمیت دیگر علاقوں سے تعلق رکھنے والے اپنے شیر خوار بچوں کو گود میں لے کر موسمی شدت کو جھیلتے ہوئے علی الصبح نادرارجسٹریشن دفتر میں جمع ہوتے ہیں اور ٹوکن کے حصول کیلئے سر دھڑ کی بازی لگادیتے ہیں،

مگر یہاں پر مافیاز اور سیاسی کارندوں نے ات مچا رکھی ہے، کسی کے پانچ ٹوکن روزانہ اور کسی کے 10 ٹوکن تو کسی کے 20 ٹوکن جو کہ 1000 روپے سے لے کر 1500 روپے میں فروخت کیے جاتے ہیں، اور دور دراز سے آئے ہوئے درجنوں مرد و خواتین ذلیل و خوار ہو کر رشوت نہ دینے کی صورت میں خالی ہاتھ واپس بھیج دئیے جاتے ہیں،

ذرائع نے بتایا ہے کہ ٹوکن فروختگی کا عمل سیاسی کارندوں کی زیر نگرانی ہورہا ہے جس کو اعجاز نائی سمیت دیگر، سیاسی چاپلوسوں نے کمائی پروگرام بنا رکھا ہے، بارہا شکایت کرنے کے باوجود کوئی شنوائی نہیں ہوتی،

ذرائع نے بتایا ہے کافی تعداد میں لوگ ایک ماہ سے بھی زائد عرصہ سے چکر کاٹ رہے ہیں، مگر انکا کام نہیں ہونے دیا جاتا، سفارشی اور مافیا سے ٹوکن لینے والوں کا کام اندر تک بیٹھے ملازمین بھی منٹوں میں کرتے ہیں،

ذرائع نے بتایا ہے دفتر میں بغیر 1000 والے نوٹ کے کسی کا کام نہیں ہوتا، غریب لوگ شام کو گھر چلے جاتے ہیں اور دوسرے دن یہی مشق دوبارہ کی جاتی ہے، میڈیا رپورٹس اور شکایات میں ہوتے اضافہ بارے ذرائع کا کہنا ہے کہ ارباب اختیار اصل حقائق کی جانکاری کرنے کیلئے خفیہ سورسز کے ذریعے معلومات لیں تو سب کچھ سامنے آ جائے گا، نادرا ضلعی آفیسرز کو چاہیے کہ مافیاز کو بے نقاب کرنے کیلئے اپنا اہم کردار ادا کریں تاکہ اوچ شریف اور دورداز سے آئے ہوئے مرد و خواتین کو دوہری اذیت سے بچاتے ہوئے اور مافیاز کو کیفر کردار تک پہنچایا جا سکے،

شہریوں نے نادرا رجسٹریشن اتھارٹی ڈائریکٹر جنرل لاہور سے مطالبہ کیا ہے کہ اوچ شریف میں مافیاز کے بارے شہری و دیہی علاقوں کے لوگوں سے خفیہ بیانات لیں اور مافیاز کے خلاف تحقیقات کرتے ہوئے کارروائی کریں، تاکہ عوامی مسائل میں کمی ہو جبکہ دوسری جانب نادرا ملازم ذوالقرنین بارے مبینہ انکشاف ہوا ہے کہ نادرا ملازمین پر مقامی سیاسی شخصیات کا بہت پریشر ہوتا ہے، پانچ پانچ ٹوکن ایم این اے اور ایم پی اے کے کارندوں کو دینا پڑتے ہیں، بصورت دیگر تبادلہ سمیت نوکری خطرہ میں ہونے کی دھمکیاں دی جاتی ہیں، جسکی وجہ سے نادرا آفس یرغمال بناہوا ہے اور ایک عام شہری کو دھکے مل رہے ہیں.

Shares: