اوچ شریف ،باغی ٹی وی (نامہ نگار حبیب خان )علی پور میں وحشی سکول پرنسپل نے دوسری جماعت کے معصوم طالب علم کو وحشیانہ لاٹھی چارج کرتے ہوئے پشت سمیت دیگر نازک اعضا زخمی کردیئے، معصوم طالب علم خدا رسول کے واسطے دیتا رہا مگر اس کو ترس نہ آیا، پولیس تھانہ صدر علی پور نے وحشی پرنسپل کے خلاف قانونی کارروائی شروع کردی
تفصیل کے مطابق گزشتہ روز نواحی علاقے موضع فتح پور جنوبی اول کی بستی حضرت والا کا رہائشی سات سالہ محمد حسنین ولد عبدالرحمن قوم حجانہ جوکہ بستی بصیرہ میں واقع پیف سکول الکریم پبلک سکول میں زیر تعلیم ہے اس کی کلاس میں ایک بچی کا سوروپے کا نوٹ گم ہو گیا ،جس پر کلاس انچارج ٹیچر نے تمام بچوں اور بیگز کی تلاشی لی لیکن سو کا نوٹ نہ ملا
سکول پرنسپل اصغر گبول کو مطلع کیا گیا جس نے کلاس میں سے محمد حسنین اور اس کے ساتھ دیگر دوبچوں کو سکول گراؤنڈ میں بلوا کر انہیں بہیمانہ انداز میں تشدد کا نشانہ بنانا شروع کر دیا ،دوطالب علموں کو مرغا بنا کر محمد حسنین کو الٹا لٹا کر اس کی پشت اور نازک حصے پر صفائی والے برش سے وحشیانہ تشدد کیا
معصوم بچہ چیختا چلاتا رہا لیکن اس کو کوئی ترس نہیں آیا کہا کہ جب تک چوری تسلیم نہیں کرتے نہیں چھوڑوں گا ۔
محمد حسنین کے والد عبدالرحمن نے صحافیوں کو بتایا ہے کہ میرے بیٹے پر اتنا تشدد کیا گیا ہے کہ وہ چلنے کے قابل نہیں رہا اس کے ہم جماعت بچے اسے میرے گھر لائے ،میں مستری کا کام کرتا ہوں جب گھر پہنچا تو حقیقت حال پتہ چلی تو اصغر گبول پرنسپل سے رابطہ کیا تو وہ شرمسار ہونے کی بجائے الٹا کہنے لگا کہ جو کرنا ہے کر لو میں بھگت لوں گا
عبدالرحمن حجانہ نے اعلی حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ تشدد کرنے والے پرنسپل کے خلاف سخت کارروائی کی جائے، دریں اثنا تھانہ صدر علی پور نے مضروب محمد حسنین کے والد کی درخواست پر اندراج مقدمہ کی کارروائی شروع کر دی ہے ۔