وزیراعلیٰ خیبرپختونخواعلی امین گنڈا پور نے مزدوروں کے پیکجز ڈبل کرنے کا اعلان کردیا، وزیر اعلیٰ خیبر پختونخواعلی امین گنڈاپور نےعالمی یوم مزدور کی مناسبت سے تقریب سے خطاب کیا۔ ان کا کہنا ہے کہ مزدور کے لیے مقرر کردہ کم سے کم اجرت پر عملدرآمد یقینی بنانےکے لیے ویج مجسٹریٹ تعینات کیے جائیں گے۔اس موقع وزیراعلیٰ خیبرپختوںخوا نے مزدوروں کے لیے تعمیر کیے گئے 2056 فلیٹس جلد حوالے کرنے کی ہدایت بھی کردی۔وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا نے مزدوروں کے بچوں کے تعلیمی اخراجات کی رقم بھی ٹرانسفرکردی اور کہا کہ محکمہ کی آمدن ڈبل ہوگئی ہے، اس لئے مزدوروں کے پیکجز بھی ڈبل ہونے چاہئیں،علی امین گنڈا پور کا کہنا تھا کہ مزدور تنظیموں کی مشاورت سے یہ فلیٹس شفاف طریقے سے تقسیم کیے جائیں۔
انہوں نے حکومت کی طرف سے مقرر کردہ کم سے کم اجرت پر عملدرآمد یقینی بنانے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ مزدور کے لیے مقرر کم سے کم اجرت پر عملدرآمد یقینی بنانے کے لیے ویج مجسٹریٹ تعینات کئے جائیں گے، تمام مزدوروں کے بینک اکاونٹس بنا کر ان کی اجرت ان کے اکاونٹس میں ٹرانسفر کی جائے، اگر مزدور کی کم سے کم ماہانہ اجرت 32 ہزار روپے ہے تو مزدور کو اتنی ہی ملنی چاہیئے۔وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا نے مزدوروں کے بچوں کے تعلیمی اخراجات کے لئے 17 کروڑ 75 لاکھ روپے کی رقم بٹن دبا کر بینک آف خیبر کو آن لائن ٹرانسفر کردی

Shares: