سوشل میڈیا پر ججز کے خلاف مہم ، اسلام آباد ہائی کورٹ کی لارجر بینچ تشکیل

islamabad highcourt

جسٹس بابر ستار اور جسٹس محسن اخترکیانی کے خلاف بدنیتی پر مبنی مہم کے معاملے پر اسلام آباد ہائیکورٹ نے دونوں توہین عدالت کیسز پر لارجر بینچ تشکیل دے دیے۔
اسلام آباد ہائیکورٹ کے جسٹس محسن اختر کیانی اور جسٹس بابر ستار کے خلاف سوشل میڈیا مہم پر اہم پیش رفت ہوئی، عدالت عالیہ نے سوشل میڈیا مہم پر ججوں کی جانب سے لکھے گئے خطوط کے بعد توہین عدالت کی کارروائی کے لیے لارجر بینچز تشکیل دے دیے۔دو لارجر بینچ جسٹس محسن اختر کیانی اور جسٹس بابر ستار کے معاملے پر الگ الگ سماعت کریں گے۔جسٹس محسن اختر کیانی کے معاملے پر اسلام آباد ہائیکورٹ کے چیف جسٹس عامر فاروق، جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب اور جسٹس ارباب محمد طاہر پر مشتمل 3 رکنی لارجر بینچ سماعت کرے گا۔
اس طرح جسٹس بابر ستار کے خط پر جسٹس محسن اختر کیانی، جسٹس طارق محمود جہانگیری اور سردار اعجاز اسحاق خان بینچ کا حصہ ہوں گے۔اسلام آباد ہائیکورٹ کے ججوں کے خلاف مہم پر توہین عدالت کی کارروائی کے لیے کل (جمعرات کو) دونوں کیسز کی کاز لسٹ جاری ہوگی اور سماعت کے لیے مقرر کر دیا جائے گا۔خیال رہے کہ سوشل میڈیا پر جسٹس بابرستار پر دوہری شہریت سمیت دیگر الزامات کے تحت منفی مہم چلائی جا رہی تھی، جس پر جسٹس بابرستار نے الزامات چیف جسٹس کو توہین عدالت کی کارروائی کے لیے خط لکھ دیا تھا۔

Comments are closed.