وزیراعظم کے معاون خصوصی، ن لیگی رہنما رانا ثناء اللہ نے کہا ہے کہ عمران خان کو جیل میں سب کچھ مل رہا ہے، جو ممنوعہ چیز ہے وہ بھی مل رہی ہے،
لاہور میں میڈیا سے بات چیت کے دوران رانا ثناء اللہ کا کہنا تھا کہ خیبرپختونخوا حکومت وہی کرے گی جو وفاق کہے گا، گنڈا پور ویسے ہی ہوائی فائرنگ کر رہا ہے اور تیس مار خان بن رہا ہے تابعدار بچہ ہے جیسے وفاقی حکومت چاہے گی ویسے ہی کام کرے گا ، جس طرح باقی حکومت کے لوگ چل رہے ہیں یہ ویسے نہیں چلنا چاہتے، اگر یہ اسٹیبلشمنٹ سے بات کرنا چاہتے ہیں یا اسٹیبلشمنٹ ان سے بات کرنا چاہے تو بالکل کریں، یہ اسٹیبلشمنٹ سے کہتے تھے کہ بات کریں ہم اپوزیشن کو ختم کرنا چاہتے ہیں،جب اسٹیبلشمنٹ نے ساتھ نہیں دیا تو انہوں نے کہا یہ میر جعفر ہیں میر صادق ہیں ان کا جھگڑا یہ ہے کہ اسٹیبلشمنٹ سیاست اور ملک کے نظام میں مداخلت کرے۔
پی ٹی آئی والے فضول بات کریں گے تو اس کا جواب ان کو ضرور دیں گے، رانا تنویر
دوسری جانب وفاقی وزیر رانا تنویر کا کہنا ہے کہ علی امین گنڈا پور جب وزیر اعلیٰ نہیں تھے تو اس وقت بھی کوئی عقل کی بات نہیں کی تھی، علی امین گنڈا پور نے ایک بار دھمکی دی تھی اس کے بعد جب بھی مجھے دیکھتا تو ادھر ادھر ہوجاتا تھا، جب پی ٹی آئی والے فضول بات کریں گے تو اس کا جواب ان کو ضرور دیں گے، سولہ ماہ کی حکومت میں متنجن بناہوا تھا، اب الحمداللہ شہبازشریف کی قیادت میں بہت اچھے فیصلے ہورہے ہیں، پوری اتحاد و اتفاق کے ساتھ کابینہ فیصلے کررہی ہے جس کے نتائج بھی آنا شروع ہوگئے ہیں،







