کیبن کریو کے داخلے کی سیکیورٹی میں اضافہ، جعلی پی آئی اے پائلٹ کی گرفتاری

0
84

ایئرپورٹس سیکیورٹی فورس (اے ایس ایف) نے علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئرپورٹ لاہور پر جعلی پی آئی اے پائلٹ کی گرفتاری کے بعد کیبین کریو کے داخلے کی سیکیورٹی کو مزید سخت کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ذرائع کے مطابق، 12 مئی 2024 کو رات تقریباً 11:30 بجے اے ایس ایف کے عملے نے محمد احمد نامی شخص کو اے ایس ایف کنٹرول روم کے سامنے روکا۔ ملزم نے پی آئی اے کے پائلٹ کی یونیفارم پہنی ہوئی تھی اور اس کے پاس جعلی پی آئی اے کریو کارڈ بھی تھا۔ بعد ازاں، اسے پولیس کے حوالے کر دیا گیا۔اے ایس ایف کی جانب سے جاری کردہ خط میں کہا گیا ہے کہ ملک میں موجودہ سیکیورٹی صورتحال اور ایوی ایشن انڈسٹری کو لاحق خطرات کے پیش نظر اس قسم کی صورتحال سیکیورٹی نقطہ نظر سے نقصان دہ ثابت ہو سکتی ہے۔ کیونکہ کسی بھی ایرلائن کے کریو کارڈ کو غلط استعمال کرتے ہوئے شرپسند افراد ایئرپورٹ کے ممنوعہ علاقوں میں داخل ہو سکتے ہیں۔مزید برآں، خط میں وضاحت کی گئی ہے کہ اے ایس ایف کی جانب سے کسی بھی ایرلائن کے کریو ممبران کو کوئی ایئرپورٹ انٹری پاس سسٹم (اے ای پی ایس) جاری نہیں کیا جاتا۔ ایرلائن کا کریو کارڈ ہی ممنوعہ علاقوں میں داخلے کے لیے کافی سمجھا جاتا ہے۔ یہ کریو کارڈ ہی اے ایس ایف کے عملے کے لیے شناخت کا ذریعہ ہے اور انہیں مزید کسی تصدیق یا وضاحت کے بغیر ممنوعہ علاقوں میں داخلے کی اجازت دی جاتی ہے۔
خط میں کہا گیا ہے کہ ایئرپورٹ کے ممنوعہ علاقوں میں غیر مجاز افراد کی رسائی کو روکنے کے لیے تمام ایرلائنز کو ہدایت کی جاتی ہے کہ وہ ہر پرواز کے آپریٹنگ کریو کی فہرست (جنرل ڈیکلریشن) اے ایس ایف عملے کو فراہم کریں۔ علاوہ ازیں، کریو ممبران کو ایرلائن کے نمائندے کے ساتھ لایا جائے تاکہ ان کی شناخت کی جا سکے اور ایوی ایشن انڈسٹری کے بہترین مفاد میں کابن کریو کے داخلے کو بغیر کسی رکاوٹ کے یقینی بنایا جا سکے۔

Leave a reply