سیالکوٹ، باغی ٹی وی (بیوروچیف شاہد ریاض سے) نیوٹریشن انٹرنیشنل نے پنجاب فوڈ اتھارٹی کے اشتراک سے خوردنی تیل کی فورٹیفیکیشن کے فوائدپاکستان میں وٹامن اے اور ڈی کی کمی کھلے اور غیر صاف شدہ تیل کے استعمال اور صحت پر اسکے منفی اثرات” کے بارے میں ایک آگاہی سیشن کا اہتمام کیا۔
اس آگاہی پروگرام میں تاجر تنظیموں، خوردنی تیل بنانے والی ملوں کے نمائندگان،محکمہ صحت اور مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد نے شرکت کی۔
اس موقع پر فوڈ فورٹیفیکییشن پروگرام کے زونل مینیجر مدثر اقبال نے بتایا کہ پاکستان میں نصف سے زیادہ خواتین اور بچے مائیکرونیوٹرینٹس کی کمی کا شکار ہیں جس میں آئرن وٹامن اے اور وٹامن ڈی سرِفہرست ہیں ایک محتاط اندازے کے مطابق پاکستان میں تقریبًا 9.9 ملین (99 لاکھ) لوگ ہڈیوں کے بھربھرے پن کا شکار ہیں جن میں 7.2 ملین (72 لاکھ) تعداد خواتین کی ہے۔
انہوں نے شرکاہ کو بتایا کہ فورٹیفیکشین پروگرام وٹامنز اور منرلز کی موجودگی کو کم سے کم لاگت سے ممکن بناتاہے۔ انہوں نے بتایا کہ کھلے اور غیر صاف شدہ تیل کو استعمال کرنے کے انسانی صحت پر نہایت برے اثرات مرتب ہو سکتے ہیں ضرورت اس امر کی ہے کہ ڈیلر حضرات کھلے تیل کی خریدوفروخت ترک کر دیں،نیوٹریشن انٹرنیشنل کوالٹی اشورنس اور کوالٹی کنٹرول کے حوالہ سیڈیجیٹل ٹیکنالوجی کو بروئے کار لاتے ہوئے خوردنی تیل بنانے والی ملوں اور فوڈ اتھارٹی کی استعداد کار بڑھانے پہ کام کر رہی ہے۔ تاکہ کوالٹی کے معیار کو بہتر بنایا جاسکے۔
ماسٹر ٹرینر علی حسنین نے فوڈ سیفٹی اور غذائی نشوونما کے حوالے سے لو گوں کو اگاہی دی۔ڈپٹی ڈائریکٹر آپریشنز پنجاب فوڈ اتھارٹی رضوان سعید نے اپنے خطاب میں بتایا کہ خوراک کے تحفظ اور خوردنی تیل کی فورٹیفیکیشن کو یقینی بنانے کے لیے پنجاب فوڈ اتھارٹی مکمل طور پر فعال کردار ادا کر رہی ہے، کھلے اور غیر صاف شدہ تیل کی خریدوفروخت ممنوع ہے جبکہ خلاف ورزی کر مرتکب عناصر کے خلاف بلا تفریق ایکشن ہوگا۔
انہوں نے ڈسٹرکٹ سیالکوٹ میں کی جانے والی کاروائیوں کے متعلق شرکاء کو آگاہی دی، صدر عقیل کپور، تاجر راہنما ایسوسی ایشن محمد سعید بھی موجود تھے۔








