اوچ شریف:شدید گرمی،مافیاء ناقص برف بھی 80 روپے کلو بیچنے لگا،شہریوں کااحتجاج

آئس فیکٹری مالکان من مانے نرخ پر برف فروخت کرتے ہیں اور برف فروشوں کو برف کا جو بلاک دیا جاتا ہے، وہ کاغذ کی طرح پتلا ہوتا ہے

اوچ شریف،باغی ٹی وی(نامہ نگار حبیب خان)گرمی کی شدت کے باعث برف کی مانگ میں اضافہ، آئس فیکٹری مالکان کے گٹھ جوڑ سے ناقص برف 80 روپے فی کلو میں فروخت،

تفصیلات کے مطابق اوچ شریف اور گردونواح میں گرمی کی شدت کے باعث برف کی مانگ میں اضافہ ہو گیا ہے۔ آئس فیکٹری مالکان کی ملی بھگت سے برف کے کارخانوں سے برف کی سپلائی کم ہو چکی ہے جس کے باعث شہری گرمی سے نڈھال اور ٹھنڈا پانی پینے کو ترس گئے، جب کہ سپلائی کی جانے والی برف کے بلاکس وزن میں کم ہوتے ہیں، کئی بلاکس میں مرے ہوئے چوہے اور حشرات الارض کی باقیات برآمد ہوتے ہیں۔

آئس فیکٹری مالکان کی طرف سے فلٹریشن پلانٹس بھی نہیں چلائے جاتے اور زنگ آلود آلات سے ناقص برف تیار کر کے شہریوں کو بیماریوں میں مبتلا کیا جاتا ہے۔

شہر میں برف فی کلو 80 روپے سے 100 روپے تک فروخت ہو رہی ہے۔ برف فروشوں نے بتایا کہ اوچ شریف میں موسم کی شدت میں اضافے کے ساتھ برف کی مانگ میں اضافہ ہوتا جا رہا ہے مگر المیہ یہ ہے کہ شہر میں برف کے صرف چار پانچ کارخانے ہونے کے باوجود آئس فیکٹری مالکان کے گٹھ جوڑ کی وجہ سے برف کی مصنوعی قلت جان بوجھ کر پیدا کی جا رہی ہے،

انہوں نے کہا کہ آئس فیکٹری مالکان من مانے ریٹس پر برف فروخت کرتے ہیں اور برف فروشوں کو برف کا جو بلاک دیا جاتا ہے، وہ کاغذ کی طرح پتلا ہوتا ہے شہریوں نے اسسٹنٹ کمشنر احمد پور شرقیہ سے اوچ شریف میں برف کی مصنوعی قلت کو ختم کرنے اور ناجائز منافع خوری کرنے والے آئس فیکٹری مالکان کے خلاف سخت کارروائی کا مطالبہ کیا ہے

Leave a reply