بھارتی انتخابات میں حکمران اتحاد این ڈی اے اتحاد کی کامیابی کے بعد نریندر مودی آج تیسری بار وزارت عظمیٰ کا حلف اٹھائیں گے۔ نریندر مودی کی تقریب حلف برداری بھارتی وقت کے مطابق آج شام 7 بج کر 15 منٹ راشٹر پتی بھون (ایوان صدر) میں ہوگی، جہاں نریندر مودی بھارت کی خاتون صدر دروپدی مرمو سے وزارت عظمیٰ کا حلف لیں گے۔بھارتی میڈیا کے مطابق نریندر مودی کی تقریب حلف برداری میں غیر ملکی وفود سمیت 8000 مہمان شریک ہوں گے۔ لوک سبھا کے انتخابات میں بھارتیہ جنتا پارٹی کے اتحاد این ڈی اے کی کامیابی کے بعد نریندر مودی نے وزارتِ عظمیٰ کے عہدے سے استعفیٰ دے دیا تھا جب کہ بھارتی صدر دروپدی مرمو نے نریندر مودی کا استعفیٰ قبول کرتے ہوئے ان سے اگلی حکومت کی تشکیل تک کام جاری رکھنے کی درخواست کی تھی۔وزارت عظمیٰ کا حلف اٹھانے کے بعد نریندر مودی بھارت کے وہ دوسرے شخص ہونگے جنہیں تیسری مرتبہ وزارت عظمیٰ کا منصب ملا، ان سے پہلے کانگریس کے رہنما اور بھارت کے پہلے وزیراعظم جواہر لال نہرو 1952، 1957 اور 1962 میں کامیابی حاصل کرکے 3 مرتبہ وزیراعظم کے عہدے پر رہ چکے ہیں۔
تقریب حلف برداری میں شرکت کرنے والے سربراہان مملکت
بھارتی میڈیا کے مطابق نریندر مودی کی تقریب حلف برداری میں مالدیپ کے صدر محمد معیزو، سری لنکا کے صدر رانیل وکرما سنگھے، بنگلادیشی وزیراعظم شیخ حسینہ واجد، نیپالی وزیراعظم پشپا کمال ڈھال اور بھوٹان کے وزیراعظم شیرنگ ٹوبگے شریک ہوں گے۔

نریندر مودی آج تیسری بار وزارت عظمیٰ کا حلف اٹھائیں گے
Shares: