عمر ایوب کے ماضی کی آوازیں آج بھی اس ایوان میں گونجتی ہیں، خواجہ آصف
وفاقی وزیر خواجہ آصف نے کہا ہے کہ اپوزیشن لیڈر نے میرا نام کئی مرتبہ لیا ہے، عمر ایوب تقریر کر رہے تھے تو میں ان کی 20 سال پہلے کی تقاریر یاد کر رہا تھا، یہ کبھی نواز شریف اور شہباز شریف کی بھی بہت تعریف کرتے تھے، انہوں نے سائیکل پر شیر پر بلے پر غرض ہر نشان پر الیکشن لڑا، میں عمر ایوب اور ان کے والد کو اچھی طرح جانتا ہوں۔خواجہ آصف نے کہا کہ عمر ایوب نے اپنے والد کا حوالہ دیا ہے کہ وہ اسپیکر تھے، عمر ایوب کو بتانا چاہیے تھا کہ ان کے والد کو نواز شریف نے اسپیکر بنایا تھا، یہ جمہوریت کی بات کرتے ہیں، ان کے دادا نے عوام سے ووٹ کا حق چھینا تھا، عمر ایوب کے ماضی کی آوازیں آج بھی اس ایوان میں گونجتی ہیں۔ پی ٹی آئی والوں نے ڈیڑھ سال زور لگا کر دیکھ لیا کچھ نہ بن سکا تو اب منتوں ترلوں پر آگئے ہیں۔
قومی اسمبلی میں اظہار خیال کرتے ہوئے خواجہ آصف نے کہا کہ پی ٹی آئی والے 9 مئی کی مذمت کرتے ہیں تو اچھی بات ہے، ہم اسے ویلکم کریں گےخواجہ آصف نے کہا کہ لوڈشیڈنگ صرف خیبر پختونخوا میں نہیں پورے پاکستان میں ہورہی ہے، ان علاقوں میں کی جا رہی ہے جہاں بجلی چوری ہوتی ہے، ان چوروں کے بل ایماندار صارفین کے بل میں شامل ہوتے ہیں۔وفاقی وزیر نے کہا کہ پاکستان کے کروڑوں صارفین چند لاکھ چوروں کا خرچہ اٹھا کر بیٹھے ہیں، وزیراعظم کے سامنے وزیراعلیٰ کے پی نے یہ بات اٹھائی تھی، وزیر اعلیٰ کے پی سے بات ہوئی تھی کہ تعاون کریں، وہاں لوگ بل ادا کریں، بتایا گیا کہاں کہاں لوڈ شیڈنگ ہوتی ہے، 80 فیصد بجلی چوری ہورہی ہے۔خواجہ آصف نے کہا کہ خیبر پختونخوا کے بڑے شہروں میں 80 فیصد تک بجلی چوری ہورہی ہے، خیبر پختونخوا میں پی ٹی آئی دور میں 900 ارب روپے قرض بڑھا۔