مختلف شہروں میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ تیز بارش کا امکان

ملک بھر میں آج سے شروع ہونے والا بارشوں کا سلسلہ 15 جولائی تک جاری رہنے کی پیشگوئی کی گئی ہے۔
0
79

اسلام آباد: محکمہ موسمیات کے مطابق ملک کے مختلف شہروں میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ تیز بارش ہونے کا امکان ہے۔

باغی ٹی وی : محکمہ موسمیات کے مطابق ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم گرم اور مرطوب رہے گا تاہم خیبر پختونخوا، کشمیر اورگلگت بلتستان میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش ہونے کا امکان ہے جبکہ شام/رات میں بالائی پنجاب، زیریں بلوچستان اور جنوب مشرقی سندھ میں چند مقامات پر تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش ہونے کی توقع ہے۔ دوسری جانب پی ڈی ایم اے نے الرٹ جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ 10 جولائی سے بحیرہ عرب سے مون سون ہوائیں بالائی علاقوں میں داخل ہوں گی۔

اسلام آباد اور گر دو نواح میں موسم گرم اور مرطوب رہنے کا امکان ہے لیکن دن میں بعض مقامات پر بوندا باندی جبکہ رات کو تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش ہونے کاامکان ہے۔

پنجاب کے بیشتر اضلاع میں موسم گرم اور مرطوب رہے گاتاہم شام/رات میں مری،گلیات، راولپنڈی، اٹک، چکوال، تلہ گنگ، جہلم، منڈی بہاؤالدین، گجرات، گوجرانوالہ، حافظ آباد، وزیر آباد، لاہور، شیخوپورہ، سیالکوٹ، نارووال، ساہیوال، جھنگ، ٹوبہ ٹیک سنگھ، ننکانہ صاحب، چنیوٹ، فیصل آباد، خوشاب، سرگودھا، بھکر اور میانوالی میں چند مقامات پر آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔

دیر، چترال، سوات، کوہستان، شانگلہ، بٹگرام، ایبٹ آباد، مانسہرہ، ہری پور، خیبر، مہمند،باجوڑ،کرم، میں چند مقامات پر تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ظاہر کیا گیا ہے جبکہ شام/رات میں صوابی،مردان، نوشہرہ، پشاور، کوہاٹ، ہنگو،کرک، لکی مروت، ٹانک، وزیرستان، بنوں اورڈیرہ اسماعیل خان میں چند مقامات پر تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش ہونے کی توقع ہے۔

بلوچستان کے بیشتر اضلاع میں موسم گرم اور مرطوب رہے گاتاہم شام/رات میں خضدار، لسبیلہ، آواران، پنجگور اور گردونواح میں چند مقا مات پر آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے جب کہ سندھ کے بیشتر اضلاع میں موسم گرم اورمرطوب رہے گا تاہم رات میں تھرپارکر، عمر کوٹ اور میرپور خاص سانگھڑمیں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے جبکہ کراچی سمیت ساحلی علاقو ں میں ہلکی بارش بھی ہو سکتی ہے۔

کشمیر اور گلگت بلتستان میں چند مقامات پر تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ظاہر کیا گیا ہے، خیبرپختونخوا کے بیشتر اضلاع میں آج سے گرج چمک کیساتھ تیز بارش کا امکان ہے، تیز بارشوں کا سلسلہ آئندہ پیر کے روز تک جاری رہے گا۔

چیف میٹرولوجسٹ سردار سرفراز کے مطابق بارش کا سبب بننے والا ہوا کا کم دباؤ کراچی سے دور عمان کی جانب بڑھا ہے جس کے سبب آج چند مقامات پر ہلکی بارش یا بوندا باندی ہوسکتی ہے اور گرمی کے باعث مقامی سطح پر بادل بن سکتے ہیں جب کہ 20 جولائی کے بعد تیز بارشوں کے اسپیل کراچی پر بھی اثرانداز ہوسکتے ہیں، شام سے سمندری ہوائیں بحال ہونا شروع ہو جائیں گی، آئندہ تین سے چار روز شہرکا موسم بہتر رہے گا جب کہ سمندری بادلوں کے باعث صبح اور رات میں بوندا باندی کا امکان رہے گا، اس دوران درجہ حرارت 34 سے 36 ڈگری سینٹی گریڈ تک رہ سکتا ہے، ہوا میں نمی کا تناسب زائد ہونے سے درجہ حرارت کی شدت زائد محسوس ہوگی، شہر میں ہواؤں کے باعث حبس نہیں ہوگا۔

پی ڈی ایم اے کی جانب سے تمام ضلعی انتظامیہ کو موسمی صورتحال کے پیش نظر الرٹ جاری کیا گیا ہے، پی ڈی ایم اے کے مطابق 10 جولائی سے بحیرہ عرب سے مون سون ہوائیں بالائی علاقوں میں داخل ہوں گی، بارشوں سے پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ اور ٹریفک آمدورفت متاثر ہونے کا خطرہ ہے،ملک بھر میں آج سے شروع ہونے والا بارشوں کا سلسلہ 15 جولائی تک جاری رہنے کی پیشگوئی کی گئی ہے۔

Leave a reply