ٹھٹھہ: ڈپٹی کمشنر زیر صدارت مون سون بارشوں کی صورت حال سے نمٹنے کیلئے انتظامات کا جائزہ اجلاس

ٹھٹھہ،باغی ٹی وی (نامہ نگاربلاول سموں) ڈپٹی کمشنر منور عباس سومرو کی زیر صدارت مون سون بارشوں کی صورت حال سے نمٹنے کیلئے انتظامات کا جائزہ لینے کے متعلق دربار ہال مکلی میں اہم اجلاس منعقدہ ہوا، جس میں ریونیو، صحت، تعلیم، لائیوسٹاک، لوکل گورنمنٹ، سوشل ویلفیئر، پولیس، آبپاشی، پبلک ہیلتھ، ایجوکیشن ورکس، مرف، پی پی ایچ آئی، ریسکیو 1122 و دیگر متعلقہ محکموں کے افسران اور این جی اوز کے نمائںدوں نے شرکت کی۔

اس موقع پر ڈپٹی کمشنر منور عباس سومرو نے تمام متعلقہ محکموں کے افسران کو ہدایت کی کہ وہ مون سون بارشوں کی صورتحال سے نمٹنے کیلئے تمام مطلوبہ انتظامات یقینی بنائیں تاکہ کسی بھی ممکنہ ہنگامی صورتحال کے دوران لوگوں کو کسی بھی قسم کی پریشانی کا سامنا کرنا نہ پڑے۔ انہوں نے کہا کہ تمام محکمے باالخصوص محکمہ آبپاشی، لوکل گورنمنٹ، لائیواسٹاک اور صحت ایسی تمام صورتحال میں الرٹ رہیں۔

انہوں نے محکمہ آبپاشی کے افسران کو ہدایت کی کہ وہ دریائے سندھ کے تمام کمزور بندوں کی مرمت سمیت حساس بندوں کی نگرانی سمیت مشینری کی موجودگی کو یقینی بنائیں۔ انہوں نے لوکل گورنمنٹ و دیگر متعلقہ محکموں کے افسران کو ہدایت کی کہ بارشی پانی کی بروقت نکاسی، ڈسپوزلز اور ڈرین نالوں کی صفائی ستھرائی کو یقینی بنانے سمیت ڈی واٹرنگ پمپ و دیگر مشینری کو فعال رکھا جائے۔ ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ تمام محکمے آپس میں مربوط رابطے میں رہیں تاکہ کسی بھی ممکنہ ہنگامی صورتحال سے بروقت نمٹا جا سکے۔

انہوں نے محمہ صحت کے افسران کو ہدایت کی کہ وہ ضلعی ہیڈ کوارٹر ہسپتال، بی ایچ یوز، آر ایچ سیز میں ضروری ادویات سمیت ڈاکٹرز اور پیرامیڈیکل اسٹاف کی موجودگی کو یقینی بنائیں۔ قبل ازیں تمام متعلقہ محکموں کے افسران نے مون سون بارشوں کے پیش نظر پیشگی انتظامات کے متعلق تفصیلی بریفنگ بھی دی۔

Leave a reply