پاکستان اور عراق کے درمیان زائرین کی سہولیات پر اہم پیش رفت

0
56

پاکستان اور عراق کے درمیان زائرین کی سہولیات اور دوطرفہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے لیے اہم پیش رفت ہوئی ہے۔ عراق کے سفیر حامد عباس لفتہ نے وزارت داخلہ اسلام آباد کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی اور وزیر اوورسیز پاکستانیز و مذہبی امور چودھری سالک حسین سے ملاقات کی۔ملاقات میں زائرین کے لیے سہولیات بڑھانے پر خصوصی توجہ دی گئی۔ وزیر داخلہ نے عراق جانے والے پاکستانی زائرین کے لیے بغیر فیس انٹری ویزا کی اجازت دینے اور زائرین کا کوٹہ بڑھانے کی درخواست کی۔ محسن نقوی نے کہا کہ ہر سال لاکھوں پاکستانی زیارت کے لیے عراق جاتے ہیں اور حکومت ان کی سہولت کے لیے ہر ممکن اقدام کر رہی ہے۔عراقی سفیر نے زائرین کے لیے بہتر سہولیات فراہم کرنے میں مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی۔ اس موقع پر غیر قانونی طور پر زائد فیس وصول کرنے والے ٹریول ایجنٹس کے خلاف کارروائی پر بھی اتفاق ہوا۔ وزیر داخلہ نے وعدہ کیا کہ ایک ہفتے کے اندر ایسے ایجنٹس کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔
ملاقات میں دونوں ملکوں کے درمیان ڈپلومیٹک اور آفیشل پاسپورٹ پر ویزا کی چھوٹ کے معاہدے کو جلد حتمی شکل دینے پر بھی اتفاق ہوا۔ اس کے علاوہ، پاکستان اور عراق کی متعلقہ وزارتوں کے درمیان ایک مفاہمتی یادداشت (ایم او یو) پر جلد دستخط کرنے کا فیصلہ کیا گیا، جس سے پاکستانی شہریوں کے لیے عراق میں ورک پرمٹ حاصل کرنا آسان ہو جائے گا۔وزیر مذہبی امور سالک حسین نے کہا کہ یہ ایم او یو قانونی امیگریشن کو فروغ دے گا اور غیر قانونی طریقوں سے داخلے اور رہائش میں کمی لائے گا۔اس موقع پر عراقی سفیر نے وزیر داخلہ محسن نقوی کو عراق کے دورے کی دعوت بھی دی۔ ملاقات میں وفاقی سیکرٹری داخلہ خرم علی آغا اور عراقی سفارت خانے کے وفد نے بھی شرکت کی۔یہ ملاقات پاکستان اور عراق کے درمیان دوستانہ تعلقات کی عکاسی کرتی ہے اور دونوں ملکوں کے درمیان تعاون کو مزید مضبوط کرنے کی کوششوں کا مظہر ہے

Leave a reply