منڈی بہاؤالدین:عاشورہ کے دوران مجالس و جلوسوں کی سکیورٹی کے لئے تمام تر انتظامات مکمل ہیں

منڈی بہاؤالدین، باغی ٹی وی ( افنان طالب نامہ نگار )صوبائی وزیر ٹرانسپورٹ بلال اکبر خان نے کہا ہے کہ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی خصوصی ہدایت پر پنجاب بھر میں محرم الحرام کے دوران فرقہ وارانہ ہم آہنگی برقرار رکھنے ، امن امان یقینی بنانے اور مجالس عزا اور جلوسوں کے پر امن انعقاد کیلئے تمام وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں، ضلع منڈی بہاوالدین میں عاشورہ کے دوران مجالس و جلوسوں کی سکیورٹی کے لئے تمام تر انتظامات مکمل ہیں۔

انتظامیہ، رینجرز، پولیس اور قانون نافذ کرنے والے دیگر اداروں کی طرف سے فول پروف انتظامات کئے گئے ہیں۔حکومت فرقہ وارانہ ہم آہنگی کے قیام اور انتہا پسندی و دہشت گردی کے خلاف علماءکرام کے تعاون کو قد ر کی نگاہ سے دیکھتی ہے۔ پر امن پاکستان کے لئے ہم سب متحد ہیں اور اپنے وطن کو امن کا گہوارہ بنائیں گے۔

ان خیالات کا اظہار انہوںنے منڈی بہاوالدین دورے کے موقع پر ڈپٹی کمشنر آفس میں اور امام بارگاہوں کے مجالس اور جلوسوں کے روٹس کا معائنہ کرتے ہوئے میڈیاکے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پر کمشنر گوجرانوالہ نوید حیدر شیرازی، ڈپٹی کمشنر شاہد عمران مارتھ ، ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر احمد محی الدین، سابق صوبائی وزیر حمیدہ وحیدالدین سمیت دیگر افسران موجود تھے۔

صوبائی وزیر نے منڈی بہاوالدین میں محرم الحرام کے انتظامات، کنٹرول روم اور مرکزی اور پانچ وارڈ امام بارگاہوںکے ماتمی مجالس اور جلوسوں کے روٹس کا معائنہ کیا اور منتظمین سے ملاقات کی۔ انہوں نے ضلعی انتظامیہ کی طرف سے کئے گئے انتظامات پر اطمینان کا اظہار کیا۔

کمشنر گوجرانوالہ نوید حیدر شیرازی کا کہنا تھا کہ وزیر اعلی پنجاب کی ہدایت پر محرم الحرام کے دوران عزاداروں کو سکیورٹی فراہم کرنے، روٹس کی صفائی کے بہترین انتظامات یقینی بنائے گئے ہیں،جلوسوں کے راستوں پر سبیلیں بھی لگائی گئی ہیں۔ حکومت اور انتظامیہ کے اقدامات کا مقصد عزاداران کو سکیورٹی اور بہترین سہولیات فراہم کرنا ہے۔

اس موقع پر ڈپٹی کمشنر شاہد عمران مارتھ نے صوبائی وزیرکو محرم الحرام کے حوالے سے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ ضلع بھر میں کل 297جلوس اور 1282مجالس منعقد ہوں گی۔ نویں اور دسویں محرم الحرام کے جلوسوں کی مانیٹرنگ اور سیکورٹی کے حوالہ سے فول پروف انتظامات کئے گئے ہیں۔

جلوسوں کی سی سی ٹی وی کیمروں سے مانیٹر نگ کی جا رہی ہے جبکہ تحصیل سطح پربھی سی سی ٹی وی کیمروں کے ذریعے حساس مقامات کو براہ راست مانیٹر کیا جا رہا ہے ،ماتمی جلوسوں اور مجالس کا سلسلہ پرامن انداز میں جاری ہے۔ پولیس، رینجرز اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں سمیت اراکین امن کمیٹی اورمنتظمین کا تعاون ہمیشہ مثالی رہا ہے۔

ضلع میں امن و امان اور اتحاد بین المسلین برقرار رکھنے کیلئے انتظامیہ کو عوامی نمائندوں ، علمائے کرام اور شہریوں کا بھر پور تعاون حاصل ہے۔ ڈپٹی کمشنر نے صوبائی وزیر اور کمشنر کو شہر میں جاری تجاوزات کے خلاف آپریشن اور ڈی سلٹنگ کے حوالے سے بھی بتایا جس کو صوبائی وزیر اور کمشنر نے سراہا۔

Leave a reply