خیبر پختونخوا میں شدید بارشوں اور آندھی کا سلسلہ جاری، دو افراد جاں بحق

0
46

خیبر پختونخوا کے مختلف علاقوں میں جاری شدید بارشوں اور آندھی کے باعث صوبے بھر میں نقصانات کا سلسلہ جاری ہے۔ پشاور، مردان اور خیبر سمیت کئی اضلاع میں موسلادھار بارش نے معمولات زندگی متاثر کر دیے ہیں۔چارسدہ کی تحصیل شبقدر میں سب سے زیادہ نقصان ہوا جہاں دیواروں کے گرنے سے ایک خاتون اور ایک 20 سالہ نوجوان جاں بحق ہو گئے۔ اس کے علاوہ، مختلف واقعات میں 7 افراد زخمی ہوئے، جن میں 5 خواتین شامل ہیں۔پشاور میں بارش کے پانی نے شہر کے مختلف حصوں میں مشکلات پیدا کیں۔ شیر شاہ سوری روڈ پر واقع پشاور پریس کلب کا تہہ خانہ پانی سے بھر گیا۔ شہر کے متعدد علاقوں میں بجلی کی فراہمی بھی متاثر ہوئی۔
پروونشل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) نے اتوار تک مزید بارشوں کی پیش گوئی کی ہے۔ اتھارٹی نے خاص طور پر پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کے خطرے سے آگاہ کیا ہے، جس سے ٹریفک متاثر ہو سکتی ہے۔
پی ڈی ایم اے کے مطابق، دیر، سوات، چترال، کوہستان، شانگلہ، بونیر، بٹگرام، ایبٹ آباد، مانسہرہ، ہری پور، خیبر، مہمند، باجوڑ، مردان، پشاور، کرم، بنوں، کوہاٹ، کرک اور وزیرستان میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔حکام نے تمام ضلعی انتظامیہ کو ہدایت کی ہے کہ وہ صورتحال پر نظر رکھیں اور ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے تیار رہیں۔ عوام سے بھی اپیل کی گئی ہے کہ وہ محتاط رہیں اور ضروری سفر کے علاوہ گھروں سے باہر نکلنے سے گریز کریں۔موسمیاتی ماہرین کا کہنا ہے کہ موسم کی اس تبدیلی کا تعلق عالمی موسمیاتی تبدیلیوں سے ہے اور مستقبل میں ایسے واقعات میں اضافے کا خدشہ ہے۔ انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ طویل مدتی منصوبہ بندی کرے تاکہ ایسی صورتحال سے بہتر طور پر نمٹا جا سکے

Leave a reply