سری لنکا میں پھنسے پاکستانی قیدیوں کو 7 روز میں پاکستان واپس لانے کا فیصلہ

وزیر داخلہ محسن نقوی سے سری لنکن ہائی کمشنر کی ملاقات
0
54
sirilankan

وفاقی وزیر داخلہ و انسداد منشیات محسن نقوی سے سری لنکا کے ہائی کمشنر ایڈمرل (ر) رویندرا چندرا سری وجے گونارتنے نے ملاقات کی۔

جس میں باہمی دلچسپی کے امور اور سری لنکا میں کئی برس سے قید پاکستانی شہریوں کی رہائی کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا۔ ملاقات میں گزشتہ کئی سال سے سری لنکا میں پھنسے پاکستانی قیدیوں کو 7 روز میں پاکستان واپس لانے کا فیصلہ کیا گیا۔سری لنکا میں پاکستانی قیدیوں کی وطن واپسی کے لیے دونوں جانب سے ضروری کارروائی جلد مکمل کرنے پر اتفاق کیا گیا۔ سری لنکن ہائی کمشنر نے پاکستانی قیدیوں کی رہائی کے لیے اپنے ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی۔ وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے قیدیوں کی وطن واپسی کے لیے تعاون پر سری لنکن ہائی کمشنر کاشکریہ ادا کیا۔

وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے کہا کہ سری لنکا میں قید پاکستانی شہریوں کی وطن واپسی کے لیے تمام اقدامات کو جلد از جلد حتمی شکل دی جا رہی ہے۔ ملاقات میں انسداد منشیات اور بارڈر سیکورٹی کے امور پر بھی گفتگو کی گئی۔ وفاقی وزیر داخلہ نے کہا کہ سری لنکا اور پاکستان کے درمیان تعلقات وقت کے ساتھ مضبوط ہوئے ہیں۔ باہمی تعلقات کو مزید آگے بڑھانے کے لئےتیزی سے اقدامات کرنے کی ضرورت ہے۔ وفاقی وزیر داخلہ نے اس بات پر زور دیتے ہوئے کہا کہ انسداد منشیات اور بارڈر سیکورٹی کے حوالے سے باہمی تعاون کو فروغ دینا وقت کا تقاضا ہے۔سری لنکن ہائی کمشنر نے کہا کہ سری لنکا پاکستان کے ساتھ اپنے تعلقات کوبہت اہمیت دیتا ہے۔

وفاقی وزیر عبدالعلیم خان کاسری لنکا سے پاکستانی قیدیوں کی وطن واپسی کے لیے تمام اخراجات برداشت کرنے کا اعلان
وفاقی وزیر عبدالعلیم خان کا احسن اقدام، سری لنکا میں گزشتہ کئی سال سے پھنسے ہوئے پاکستانی قیدیوں کی وطن واپسی کی راہ ہموار ہوگئی۔ وفاقی وزیر نجکاری عبدالعلیم خان نے سری لنکا سے پاکستانی قیدیوں کی رہائی و وطن واپسی کے لیے تمام اخراجات برداشت کرنے کا اعلان کیا ہے۔ اخراجات کی ادائیگی کے بعد کئی برس سے سری لنکا میں مقید پاکستانی وطن واپس آسکیں گے۔ وزیرداخلہ محسن نقوی کی ہدایت پر وزارت داخلہ گزشتہ 3 ماہ سے پاکستانی قیدیوں کی رہائی کے لیے سری لنکن حکام سے رابطے میں تھی لیکن اخراجات اور مالی ادائیگیوں میں دشواری کے باعث پاکستانی قیدیوں کی رہائی میں تاخیر ہوئی۔ اب وفاقی وزیر عبدالعلیم خان کی جانب سے اخراجات خود برداشت کرنے کے اعلان کے بعد پاکستانی قیدی ضروری کارروائی مکمل کرکے جلد وطن واپس آ سکیں گے۔ وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے قیدیوں کی رہائی میں ذاتی دلچسپی لینے پر وفاقی وزیر عبدالعلیم خان کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ آپ کا یہ کارخیر پاکستانی قیدیوں اور ان کے خاندانوں کے لئے ٹھنڈی ہوا کا جھونکا ہے۔

Leave a reply