وزیر دفاع خواجہ آصف نے اپنے ایک تازہ ٹویٹ میں تحریک انصاف کے رہنما شفقت محمود پر سخت تنقید کی ہے، ان کی سیاستی زندگی پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ ان کی سیاست پیپلزپارٹی سے شروع ہوئی، پھر مشرف کے دور سے گزرتی ہوئی شہباز شریف اور پی ٹی آئی پر ختم ہوئی۔خواجہ آصف نے کہا کہ وہ شفقت محمود کو 1964ء سے جانتے ہیں اور ان کے ساتھ تقریباً 50 سے 55 سال قریبی دوستی کی غلط فہمی بھی رہی۔ اس دوران انہوں نے بہت سے اچھے اور برے کام اکٹھے کیے، جن میں برے زیادہ اور اچھے کم تھے۔
خواجہ آصف نے مزید کہا کہ جب بانی پی ٹی آئی عمران خان کی کابینہ نے ان پر آرٹیکل 6 لگانے کا فیصلہ کیا تو شفقت محمود نے ان کے خلاف زبردست پریس کانفرنس کی اور ان کے اقامے اور بیرون ملک تنخواہ کو اس کا جواز بتایا۔ "میں نے ایف آئی اے کی انکوائری بھگتی، میرا اقامہ، تنخواہ اور کاروبار سب 30 سال سے ڈیکلیئرڈ تھے، انکوائری نمٹ گئی مگر کچھ لوگ تو پہچانے گئے لیکن نصف صدی لگی،” خواجہ آصف نے کہا۔
وزیر دفاع نے کہا کہ جب شفقت محمود شہباز شریف کے ساتھ تھے تو عمران خان کے خلاف بڑی اچھی انگریزی میں کالم لکھتے رہے۔ "مشکل وقت میں تعلق نبھانا، ڈی این اے میں وفاداری اور حوصلہ ہونا اللہ کی عطا ہے،” انہوں نے مزید کہا۔خواجہ آصف کی یہ تنقید سیاسی میدان میں ایک نئی بحث کو جنم دے سکتی ہے، جس میں دونوں رہنماؤں کی سیاسی تاریخ اور ان کی وفاداریوں پر سوالات اٹھائے جا سکتے ہیں۔

سیاست پیپلزپارٹی سے شروع، پی ٹی آئی پر ختم، وزیر دفاع خواجہ آصف کا شفقت محمود پر تنقید
Shares: