عمران خان کا وکلاء کی عدم موجودگی میں تفتیش سے انکار، لاہور پولیس کی ٹیم اڈیالہ جیل سے واپس
9 مئی کے مقدمات میں بانی پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) عمران خان سے تفتیش کے لئے جانے والی لاہور پولیس کی ٹیم ناکام لوٹ آئی۔ عمران خان نے وکلاء کی عدم موجودگی میں تفتیش میں شامل ہونے سے انکار کر دیا۔لاہور پولیس کی ٹیم عمران خان کے انکار پر اڈیالہ جیل سے واپس چلی گئی۔ 14 جولائی کو بانی پی ٹی آئی کی گرفتاری عمل میں آئی تھی اور انسداد دہشت گردی لاہور کی عدالت نے 15 جولائی کو 12 مقدمات میں دس روز کا ریمانڈ دیا تھا۔ آج عمران خان کے ریمانڈ کا آٹھواں دن تھا، لیکن ان کا پولی گرافی اور فوٹو گرامیٹری ٹیسٹ بھی نہ ہوسکا۔
اڈیالہ جیل پہنچنے والی لاہور پولیس کی ٹیم میں ڈی ایس پیز جاوید اور عثمان شامل تھے، جبکہ انسپکٹر رانا اکمل، رانا ارحم، عالم لنگڑیال، رانا منیر، اور محمد علی بھی ٹیم کا حصہ تھے۔ پی ایس ایف کی ٹیمیں بھی اڈیالہ جیل سے واپس چلی گئیں۔لاہور پولیس کی ناکام کوشش کے بعد، تفتیش کا عمل مزید پیچیدہ ہو گیا ہے اور عمران خان کے وکلاء کی موجودگی میں تفتیش کے عمل کو مکمل کرنے کی ضرورت ہے۔