تورخم بارڈر پر بڑی کارروائی،غیر ملکی سیگریٹ ،انڈین میڈیسن پکڑی گئیں
لنڈی کوتل(باغی ٹی وی رپورٹ )تورخم بارڈر پر بڑی کارروائی،غیر ملکی سیگریٹ ،انڈین میڈیسن پکڑی گئیں،ضلعی انتظامیہ خیبر کی طورخم بارڈر پر اسمگلنگ کیخلاف کارروائی لاکھوں روپے کے غیر ملکی سیگریٹ، پان اور ممنوعہ انڈین ادویات برآمد ڈپٹی کمشنر خیبر کیپٹن (ر) ثناء اللہ خان
صوبائی حکومت کی ہدایت پر ضلعی انتظامیہ کی جانب سے طورخم بارڈر پر اسمگلنگ کیخلاف کارروائی کرتے ہوئے باچہ مینہ میں گودام سے لاکھوں روپے کی غیر ملکی سیگریٹ ممنوعہ انڈین ادویات اور پان سمیت دیگر اشیاء برآمد کرکے گودام کو سیل کردیا گیا ہے۔
ڈپٹی کمشنر خیبر کیپٹن (ر) ثناء اللہ خان کی ہدایت پر اسسٹنٹ کمشنر لنڈیکوتل عدنان ممتاز کی سربراہی میں تحصیلدار طورخم داؤد آفریدی، تحصیلدار لنڈیکوتل تیمور آفریدی اور ایف سی (نارتھ) پر مشتمل خصوصی ٹیم نے خفیہ اطلاع پر رات گئے باچہ مینہ طورخم بارڈر پر واقع گودام میں کارروائی کی۔
کارروائی کے دوران غیر قانونی طور پر گودام میں اسٹور کئے گئے غیر ملکی 12000 سے زائد سیگریٹ پیکٹس، ممنوعہ ادویات، پان اور دیگر اشیاء کے 272 پیکٹس برآمد کرلئے گئے ہیں۔
ذرائع کے مطابق ممنوعہ ادویات، پان اور سیگریٹ طورخم بارڈر سے پشاور اور دیگر اضلاع منتقل کرنی تھی جس کی خفیہ اطلاع موصول ہونے پر رات گئے کارروائی عمل میں لائی گئی۔12000 سے زائد سیگریٹ اور 272 دیگر اشیاء کے پیکٹس کو سرکاری تحویل میں لیکر قانونی کارروائی عمل میں لائی جائیگی۔
صوبائی حکومت کی ہدایت پر ضلعی انتظامیہ خیبر کی جانب سے مشترکہ چیک پوسٹ اور طورخم بارڈر پر چینی، یوریا اور دیگر غیر ممنوعہ اشیاء کیخلاف مسلسل کارروائیاں جاری ہیں۔