صدر مملکت آصف علی زرداری نے ہیپاٹائٹس کے عالمی دن کے موقع پر کہا ہے کہ ہیپاٹائٹس ایک خاموش قاتل ہے، جو عالمی سطح پر ایک بہت بڑا چیلنج بن چکا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہیپاٹائٹس کی علامات عموماً ظاہر نہیں ہوتیں جس سے اس کے پھیلاؤ کا خطرہ بڑھ جاتا ہے اور ہر سال بڑی تعداد میں اموات واقع ہوتی ہیں۔صدر مملکت نے اپنے پیغام میں کہا کہ پاکستان میں ہیپاٹائٹس کے مریضوں کی بڑی تعداد کی وجہ سے صحت کے نظام پر شدید بوجھ پڑ رہا ہے۔ انہوں نے زور دیا کہ اس مسئلے سے نمٹنے کے لیے وسیع پیمانے پر سکریننگ اور بروقت تشخیص کی ضرورت ہے، تاکہ صحت عامہ کے نظام پر بوجھ کم ہو سکے۔

آصف علی زرداری نے کہا کہ بروقت اقدامات نہ اٹھانے کی صورت میں پاکستان میں ہیپاٹائٹس کے کیسز کی تعداد میں اضافہ ہو سکتا ہے۔ انہوں نے عوام کی صحت کے تحفظ کے لیے فیصلہ کن اقدامات اٹھانے پر زور دیتے ہوئے کہا کہ ملک بھر میں احتیاطی تدابیر کو فروغ دینے، سکریننگ، ٹیسٹنگ اور علاج کی سہولیات بڑھانے کے لیے اقدامات کرنا ہوں گے۔صدر مملکت نے ہیپاٹائٹس سے بچاؤ، سکریننگ اور علاج کی اہمیت کے بارے میں آگاہی پیدا کرنے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ ہیپاٹائٹس کے خاتمے کے لیے اجتماعی کوششیں ضروری ہیں۔ انہوں نے میڈیا، تعلیمی اداروں، اساتذہ اور سول سوسائٹی سے اپیل کی کہ وہ ہیپاٹائٹس کے بارے میں لوگوں کو تعلیم دیں اور اس کے خاتمے کے لیے مل کر کام کریں۔آصف علی زرداری نے اپنے پیغام کا اختتام کرتے ہوئے کہا، "آئیے! مل کر ہیپاٹائٹس سے پاک پاکستان بنانے کے لیے کام کریں۔”

Shares: