پاکستانی گوشت کی برآمدات میں تاریخی اضافہ: مالی سال 2024 میں 20 فیصد بہتر کارکردگی

0
69
eid ul adha

پاکستان کی گوشت کی صنعت نے مالی سال 2024 کے دوران شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا، جس کے نتیجے میں گوشت اور اس کی مصنوعات کی برآمدات نے نئی بلندیوں کو چھو لیا۔ مالی سال 2024 میں گوشت کی برآمدات 51 کروڑ 20 لاکھ ڈالر کی ریکارڈ سطح تک پہنچ گئیں، جو پچھلے سال کے 42 کروڑ 60 لاکھ ڈالر کے مقابلے میں 20 فیصد زیادہ ہیں۔برآمدات کے حجم میں بھی 24 فیصد کا اضافہ ہوا اور یہ 99 ہزار 892 ٹن سے بڑھ کر ایک لاکھ 23 ہزار 515 ٹن تک پہنچ گیا۔ عالمی منڈی میں گوشت کی بڑھتی ہوئی طلب اور روپے کی قدر میں کمی نے پاکستانی گوشت کی مسابقتی قیمتوں میں اضافہ کیا۔
رپورٹ کے مطابق، گوشت کی برآمدات میں مجموعی نمو کے باوجود، عالمی منڈی میں گوشت کی اوسط قیمت 4.3 ڈالر فی کلوگرام سے کم ہو کر 4.1 ڈالر فی کلوگرام پر آ گئی۔ متحدہ عرب امارات، جو پاکستانی گوشت کی سب سے بڑی منڈی ہے، نے برآمدات کی مجموعی قدر کا 39 فیصد حصہ بنایا، جس کی مالیت 20 کروڑ ڈالر رہی۔ تاہم، متحدہ عرب امارات میں برآمدات بالحاظ قدر 2 فیصد کم ہوئیں، جبکہ دیگر منڈیوں میں قیمتیں مستحکم رہیں۔سعودی عرب پاکستانی گوشت کی دوسری بڑی منڈی بن کر ابھرا، جہاں برآمدات میں سالانہ بنیاد پر 66 فیصد اضافہ دیکھنے میں آیا۔ مالی سال 2024 کے دوران سعودی عرب کو برآمدات 14 کروڑ 20 لاکھ ڈالر تک پہنچ گئیں۔
کویت اور قطر نے پاکستانی گوشت کی برآمدی منڈی کا 17 فیصد حصہ بنایا، تاہم ان دونوں ممالک میں برآمدات کی مالیت میں کمی دیکھی گئی۔ کویت کی برآمدات 13 فیصد کم ہو کر 4 کروڑ 90 لاکھ ڈالر اور قطر کی برآمدات 2 فیصد کم ہو کر 3 کروڑ 80 لاکھ ڈالر رہ گئیں۔گوشت کی برآمدات میں اضافے کے باوجود، حکومت کو درپیش چیلنجز میں نچلے طبقے پر ٹیکس کا بوجھ نہ ڈالنے کی کوششیں شامل ہیں۔ اس حوالے سے وفاقی وزیر خزانہ نے کہا کہ کوشش ہے کہ نچلے طبقے پر ٹیکس کا بوجھ نہ ڈالا جائے۔پاکستانی گوشت کی صنعت نے مالی سال 2024 میں عالمی منڈی میں اپنی موجودگی مضبوط کرتے ہوئے نمایاں کامیابی حاصل کی ہے، جو ملکی معیشت کے لیے ایک مثبت اشارہ ہے۔

Leave a reply