یہ دھرنا پاکستان کی تاریخ کو تبدیل کر دے گا۔ ہم حکومت کو گھٹنے ٹیکنے پر مجبور کر دیں گے.حافظ نعیم الرحمان

0
130

راولپنڈی: جماعت اسلامی کے امیر حافظ نعیم الرحمان نے راولپنڈی میں جاری دھرنے کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے حکومت پر شدید تنقید کی اور ملک بھر میں احتجاجی تحریک کو وسیع کرنے کا اعلان کیا۔ انہوں نے اپنے طویل اور جذباتی خطاب میں موجودہ حکمرانوں کو "طبقہ بدمعاشیہ” قرار دیا اور عوام سے اتحاد کی پرزور اپیل کی۔
حافظ نعیم الرحمان نے کہا، "یہ دھرنا پاکستان کی تاریخ کو تبدیل کر دے گا۔ ہم حکومت کو گھٹنے ٹیکنے پر مجبور کر دیں گے۔” انہوں نے دعویٰ کیا کہ یہ احتجاج پورے پاکستان کو متحد کر رہا ہے اور ملک کو جاگیرداروں سے آزاد کرانے کا ذریعہ بنے گا۔جماعت اسلامی کے سربراہ نے موجودہ حکمرانوں پر تنقید کرتے ہوئے کہا، "یہ ایسا طبقہ ہے جو جنرلوں، عدلیہ اور جاگیرداروں پر مشتمل ہے۔ یہ چاہتے ہیں کہ پاکستان کو خوب لوٹ لیں اور ریٹائرڈ ہونے کے بعد بھی کسی صورت مسلط رہیں۔”

حافظ نعیم الرحمان نے نوجوانوں سے خصوصی خطاب کرتے ہوئے کہا، "نوجوانو! ملک سے مایوس نہ ہونا۔ میں جانتا ہوں کہ آپ کے لیے روزگار کے مواقع بند کیے جا رہے ہیں، لیکن یہ تکلیفیں عارضی ہیں۔ اگر آپ مایوس ہو جاؤ گے تو ظالم طاقتور ہو جائیں گے۔”انہوں نے حکومت کی معاشی پالیسیوں پر سخت تنقید کی اور کہا، "چھوٹی چھوٹی چیزوں پر ٹیکس لگا دیا گیا ہے۔ آٹے، چاول اور دودھ پر ٹیکس لگا دیا گیا ہے۔ ہم معیشت کے مسائل حل کرنا جانتے ہیں۔” انہوں نے آئی پی پیز کے معاہدوں اور بجلی کی قیمتوں میں اضافے پر بھی سوالات اٹھائے۔تعلیم کے شعبے پر بات کرتے ہوئے جماعت اسلامی کے امیر نے کہا، "سرکاری اسکولوں کو بیچا جا رہا ہے۔ پنجاب حکومت کے 13 ہزار اسکول بیچنے کی مزاحمت کی جائے گی۔ ہم طبقاتی نظام تعلیم کو منظور نہیں کرتے۔ بچوں کو ایک یکساں نظام تعلیم دیا جائے۔”

حافظ نعیم الرحمان نے دھرنے کو ملک بھر میں پھیلانے کا اعلان کرتے ہوئے کہا، "ہم کراچی، لاہور، پشاور اور کوئٹہ میں بھی تاریخی دھرنے دیں گے۔ جمعہ یا ہفتے کے روز پشاور میں دھرنے کا آغاز ہو جائے گا۔ یہ دھرنا ڈی چوک، پارلیمنٹ تک پہنچے گا۔”انہوں نے وزیراعظم شہباز شریف کو خبردار کرتے ہوئے کہا، "شہباز شریف، ہمارا موڈ سمجھ لو۔ ہم تمہاری عیاشیاں کم کرنے آئے ہیں۔ مفت بجلی کا نظام فوری بند کرو، مفت پٹرول بھی بند کرو۔ حکمرانوں کی گاڑیاں بھی چھوٹی کراؤیں گے، پٹرول بھی ختم کراؤیں گے۔”جماعت اسلامی کے سربراہ نے اپنے کارکنوں کی حوصلہ افزائی کرتے ہوئے کہا، "میں جانتا ہوں گرمی شدید ہے، لیکن آپ سے نوجوان امید لگائے بیٹھے ہیں۔ یہ طویل لڑائی ہے، اپنے حق کے لیے اٹھنا ہوگا، لڑنا ہوگا۔ کیا آپ تیار ہیں؟”

حافظ نعیم الرحمان نے زور دیا کہ پرامن مزاحمت سب سے بڑی طاقت ہے اور کہا کہ انہوں نے حکومتی مذاکراتی کمیٹی کو اپنے مطالبات پیش کر دیے ہیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ جب تک تمام مطالبات نہیں مانے جاتے، دھرنا جاری رہے گا۔یہ دھرنا راولپنڈی میں جاری ہے اور جماعت اسلامی کے مطالبات میں بجلی کی قیمتوں میں کمی، مہنگائی پر قابو پانے، معاشی اصلاحات اور حکومتی اخراجات میں کمی شامل ہیں۔ آنے والے دنوں میں یہ دیکھنا دلچسپ ہوگا کہ حکومت ان مطالبات پر کیا ردعمل دیتی ہے اور کیا جماعت اسلامی اپنے اعلان کردہ ملک گیر احتجاجی مہم کو عملی جامہ پہنا سکتی ہے۔

Leave a reply