وزیراعظم کی زیر صدارت اتحادی جماعتوں کا اہم اجلاس ، اسرائیلی انتہا پسندی پر تشویش

0
85
Shehbaz Sharif

اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت اتحادی جماعتوں کے رہنماؤں کا اہم اجلاس منعقد کیا گیا۔ اجلاس میں کئی اہم فیصلے کیے ، جن میں حماس کے سربراہ اسماعیل ہانیہ کی شہادت کے بعد پیدا ہونے والی صورتحال پر تفصیلی غور شامل ہے۔اجلاس میں اتحادی جماعتوں کے پارلیمانی رہنماؤں نے اپنی تجاویز پیش کیں اور فیصلہ کیا گیا کہ قومی اسمبلی کے آئندہ اجلاس میں اسماعیل ہانیہ کو نشانہ بنانے کے اسرائیلی اقدام کے خلاف قرارداد مذمت منظور کی جائے گی۔ اس قرارداد کے ذریعے فلسطینی عوام سے اظہار یکجہتی کیا جائے گا۔
اجلاس کے دوران وزیراعظم نے پیپلز پارٹی کے بعض تحفظات کو بھی دور کیا اور پی ٹی آئی کی احتجاجی سیاست کے جواب میں حکومتی اقدامات پر بھی مشاورت کی۔ اتحادی جماعتوں نے الیکشن ایکٹ ترمیمی بل کی منظوری میں تعاون کی یقین دہانی بھی کروا دی۔ ذرائع کے مطابق، حکومت نے فیصلہ کیا کہ تحریک انصاف پر پابندی کے حوالے سے کوئی بھی اقدام اتحادیوں کے ساتھ مشاورت کے بعد کیا جائے گا۔
وزیراعظم شہباز شریف نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے اسرائیلی انتہا پسندی اور دہشت گردی پر پوری دنیا کی خاموشی کو لمحہ فکریہ قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ فلسطین میں گزشتہ نو مہینوں سے جاری خونریزی اور ہزاروں فلسطینیوں کی شہادت انتہائی افسوسناک ہے۔ وزیراعظم نے مزید کہا کہ ہسپتالوں کی تباہی اور روزانہ کی بنیاد پر غزہ میں گرنے والی لاشیں انتہائی دلخراش ہیں اور اس طرح کے واقعات تاریخ میں کم ہی دیکھے گئے ہیں۔
شہباز شریف نے تہران میں ہونے والے واقعے کی شدید مذمت کی اور کہا کہ سرحدوں کی خلاف ورزی کرتے ہوئے راکٹ حملے کے ذریعے اسماعیل ہانیہ کو شہید کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ بین الاقوامی قوانین کو پاؤں تلے روند دیا گیا اور اس طرح کی سفاکیت پہلے کبھی نہیں دیکھی گئی۔اجلاس میں شریک اتحادی جماعتوں کے اراکین نے بھی اس موقع پر اظہار یکجہتی کیا اور فلسطینی عوام کے حقوق کی حمایت کی۔ وزیراعظم نے اس عزم کا اظہار کیا کہ پاکستان فلسطینی عوام کے حقوق کی حمایت جاری رکھے گا اور اسرائیلی مظالم کے خلاف آواز بلند کرتا رہے گا۔

Leave a reply