قصور : انتخابی جھوٹ کی دہشتناک مثال، سڑکیں تباہ حال،جنوری میں سڑکیں اکھاڑ کر نئی بنانے کا وعدہ، ابھی تک پورا نہ ہوا

قصور،باغی ٹی وی (بیوروچیف غنی محمود قصوری)نواحی گاؤں اوراڑہ نو و اوراڑہ کلاں کی سڑکیں ووٹوں کے نام پر رواں جنوری اکھاڑی گئیں کہ نئی بنائیں گے تاہم جیتنے اور گورنمنٹ بننے کے باجود وعدہ ایفا نہ ہوا ،اہلیان علاقہ کا مقامی ایم پی اے و ایم این اے سے مطالبہ

تفصیلات کے مطابق قصور کے نواحی گاؤں اوراڑہ نو و اوراڑہ کلاں میں الیکشن کمپین کے دوران مسلم لیگ ن کے امیدوار صوبائی اسمبلی چوہدری الیاس خان گجر و امیدوار قومی اسمبلی ملک رشید احمد خان نے وعدہ کیا کہ آپ کے دونوں دیہات کی جو مین سڑکیں خراب ہیں ان کو الیکش ہونے سے قبل نہ صرف نئی تعمیر کروایا جائے گا بلکہ ان دونوں سڑکوں کی توسیع بھی ہو گی جس پر وعدہ کرتے ہوئے رواں سال جنوری میں دونوں سڑکوں کو اکھاڑا گیا اور ان کے گرد مٹی ڈالی گئی تاہم جنرل الیکشن 8 فروری سے پہلے ہی کام روک دیا گیا اس کے بعد دونوں ممبران کے الیکشن جیتنے کے باوجود آج دن تک اکھاڑی گئی سڑکیں اکھڑی پڑی ہیں اور دیہاتیوں کا گزرنا محال ہو چکا ہے بلکہ لوگوں نے اس کو چھوڑ کر قریبی حویلیوں و دیہات سے گزرنا شروع کر دیا ہے

اہلیان دیہہ کی مزرا برادری،ڈوگر برادری،گجر برادری،انصاری برادری و دیگر دیہاتیوں نے ایم این اے ملک رشید احمد خان اور ایم پی اے الیاس خان گجر سے فریاد کی ہے کہ جناب ہمارا کیا قصور کہ ہماری سڑک اکھاڑ کر ہمیں گزرنے سے بھی تنگ کر دیا گیا ہے، اگر آپ ہمیں کشادہ اور نئی سڑک نہیں بنوا کر دینا چاہتے تو کم از کم پرانی جیسی چھوٹی سڑکیں ہی بنوا دیں ہم اسی پر خوش ہیں پر خدارا اسطرح ہمارے ساتھ زیادتی نا کریں

واضع رہے کہ اس علاقے کے لوگ زیادہ تر کسان اور گوالے ہیں جن کی موٹر سائیکل اور رکشے وغیرہ اس خراب سڑک کے باعث برباد ہو چکے ہیں جبکہ ابھی تک سڑک پر مکمل طور پر پتھر بھی نہیں ڈالا گیا اور سڑک سے گزرنے والے کمر درد وغیرہ کا شکار ہو رہے ہیں،اس سلسلہ جب بھی معززین علاقہ رابطہ کرتے ہیں تو ان کو جواب ملتا ہے ٹھیکیدار جلد کر دے گا جبکہ ٹھیکیدار گزشتہ 8 ماہ سے نظر ہی نہیں آئے نیز جو مٹی سڑک کی توسیع کے لئے ڈالی گئی اب بارشوں کی وجہ سے وہ بھی ختم ہونا شروع ہو گئی ہے

اہلیان دیہہ نے ایم این اے ملک رشید احمد خان اور ایم پی اے چوہدری الیاس گجر سے خصوصی ترس کھانے کی استدعا کی ہے اور وعدہ کیا ہے کہ ہمارے گاؤں کے لوگ آگے سے آپ سے کسی ترقیاتی کام کا مطالبہ نہیں کرینگے آپ بس ہماری سڑک ایک بار مکمل کروا دیں تاکہ ہم سکون سے اپنے گاؤں سے باہر آ جا سکیں.

Leave a reply