پشتون قبائل کی تاریخ میں پہلی خاتون ایس ایچ او تعینات

لنڈی کوتل (باغی ٹی وی رپورٹ)پشتون قبائل کی تاریخ میں پہلی خاتون ایس ایچ او تعینات

تفصیل کے مطابق ضلع خیبر پولیس نے ایک انقلابی قدم اٹھا کر تاریخ رقم کردی ہے۔ پہلی بار کسی پشتون قبائلی علاقے میں ایک خاتون کو ایس ایچ او تعینات کیا گیا ہے۔ ہیڈکوارٹر تحصیل لنڈی کوتل میں مہک پرویز مسیح کو ایڈیشنل ایس ایچ او تھانہ لنڈی کوتل تعینات کیا گیا ہے۔

ضلع خیبر کی خواتین پولیس نے عزم کا اظہار کیا ہے کہ وہ مرد پولیس اہلکاروں اور افسران کے ساتھ شانہ بشانہ عوام کی خدمت کریں گی اور لاکھوں قبائلی خواتین کے لیے انصاف تک رسائی میں کلیدی کردار ادا کریں گی۔

ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر سلیم عباس کلاچی نے اس انقلابی اقدام کو عمل میں لاکر تاریخ رقم کی ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ اس تعیناتی کا مقصد لاکھوں خواتین کو حوصلہ افزائی کرنا اور انہیں انصاف تک رسائی فراہم کرنا ہے۔ علاوہ ازیں، قبائلی اضلاع میں خواتین کو روزگار اور فرائض کی انجام دہی کے بھرپور مواقع فراہم کرنا بھی اس کا مقصد ہے۔

ڈی پی او کا کہنا ہے کہ خواتین پولیس کو بہترین ماحول فراہم کرنا ان کی اولین ترجیح ہے۔ تاکہ وہ بلا خوف اپنی فرائض سرانجام دے سکیں۔

ڈی پی او آفس سے جاری ایک پریس ریلیز کے مطابق، پولیس تھانہ باڑہ میں خواتین ڈسک کے قیام سے گزشتہ ایک سال کے دوران علاقے کے سینکڑوں باپردہ قبائلی خواتین کے مسائل کو بخوبی حل کیا گیا ہے۔ پریس ریلیز میں کہا گیا ہے کہ قبائلی خواتین کے مسائل کو مدنظر رکھتے ہوئے پہلی بار ایک خاتون پولیس آفیسر کو ایڈشنل ایس ایچ او تھانہ لنڈی کوتل تعینات کیا گیا ہے۔ کیونکہ ایک خاتون ہی خاتون کے مسائل کو بخوبی سمجھ سکتی ہے۔

سوشل میڈیا پر اس تعیناتی پر مختلف قسم کے ردعمل سامنے آئے ہیں۔ بعض لوگوں نے اسے خوش آئند قرار دیا ہے جبکہ کچھ کا خیال ہے کہ یہ اچھا اقدام نہیں ہے۔

Leave a reply